سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ گرفتاری کی وجہ حکومتی ترجمان کے مطابق ان کی اشتعال انگیز تقریر ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو لاہور کے راوی ٹول پلازہ سے گرفتار کیا گیا، جبکہ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور عوام کو اشتعال دلایا۔
یہ بھی پڑھیں: جے یو ا ٓئی (ف) کے 2 علماءکو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کیپٹن صفدر نے اشتعال انگیز تقریر کے ذریعے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی، اداروں کو حرکت میں آنا پڑا۔
معاونِ خصوصی اطلاعات نے کہا کہ جو شخص قانون کو ہاتھ میں لیتا ہے، اسے ہتھکڑی پہننی پڑتی ہے جبکہ انہوں نے عدالت میں پیش ہونے کے موقعے پر بھی پولیس کے ساتھ مارپیٹ کی اور لوگوں کو منصوبہ بندی کے تحت جمع کرکے حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کیپٹن صفدر وزیر اعظم پاکستان کے نہیں، کرپشن کرنے والے شخص کے داماد ہیں، قانون کرپشن کرنے والوں کے خلاف حرکت میں ہے جبکہ کیپٹن صفدر کو نفسیاتی ڈاکٹر سے چیک اپ کروانا چاہئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان شہر قائد کی ترقی کے لیے پر عزم ہیں، جبکہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کے عوام کا دکھ سمجھتے اور اس کا مداوا کرنا چاہتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام چوپٹ راج سے بے زار ہوچکے، وزیر اعظم ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے قائدین سے مل کر اصلاحِ احوال کی راہ ہموار کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کراچی کی ترقی کے لیے پر عزم ہیں۔فردوس عاشق اعوان