لاس اینجلس: معروف امریکی گلوکارہ و نغمہ نگار برٹنی اسپیئرز نے کہا ہے کہ دُنیا میری کنزرویٹرشپ (والد کی سرپرستی سے متعلق) جنگ کا صرف آدھا سچ جانتی ہے جو میں نے اپنے والد کے خلاف لڑی۔
تفصیلات کے مطابق ٹاکسک کی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک مداح کی طرف سے گلابی رنگ کا جھنڈا لہرانے پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا جس پر برٹنی اسپئرز کو آزاد کرو کا نعرہ درج تھا۔
انسٹاگرام پیغام میں گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے کہا کہ اس جھنڈے کی طرف دیکھئے، کیا میرا یہ مقصد تھا کہ میرا جھنڈا امریکا سے بھی اوپر ہو؟ جی ہاں۔ میں اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی مار رہی تھی لیکن مجھے بتائیے کہ کیا یہ بری بات تھی؟
کنزرویٹرشپ کی جنگ پر روشنی ڈالتے ہوئے برٹنی اسپیئرز نے کہا کہ میں نے گزشتہ پوسٹ میں کہا تھا کہ آپ لوگ میری صورتحال جانتے ہیں لیکن مجھے وضاحت کرنے دیں کہ دنیا کنزرویٹرشپ کے بارے میں صرف آدھا سچ جانتی ہے۔
معروف گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے مزید کہا کہ لوگ مجھے سمجھاتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر جو پوسٹ کروں، اس کے متعلق محتاط رہنا ہوگا۔ اگر آپ واقعی یہی سوچتے ہیں تو جن حالات سے میں گزری ہوں، میرا خیال ہے کہ میں حد سے زیادہ محتاط رہی۔
قبل ازیں اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے کہا کہ میڈیا میری باتوں کو پراپیگنڈہ بنا کر پیش کرتا ہے، اب میں انسٹاگرام پر زیادہ بات نہیں کیا کروں گی۔ طویل عرصے سے امید کھو چکی تھی، اب میرے پاس کچھ کہنے کو تو ہے۔
سلینا گومز کا ذکر کرتے ہوئے گلوکارہ برٹنی اسپئرز نے کہا کہ وہ بہترین بات کہتی ہے کہ دنیا بد ترین مقام ہوسکتی ہے جسے ہم اور آپ جانتے ہیں، اس لیے مخالفین سے مہربانی کا برتاؤ کرکے ہی انہیں مار ڈالو۔ میں سوشل میڈیا پر کم ہی بات کروں گی۔
یہ بھی پڑھیں: والد کی سرپرستی سے تنگ برٹنی اسپیئرز کا پرفارم کرنے سے انکار