لاہور: عمران خان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے ویڈیو بیان ریکارڈ کرادیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان نے سائفر کا ڈرامہ سیاسی مقاصد کیلئے رچایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری کے طور پر ماضی میں خدمات انجام دینے والے اعظم خان نے دفعہ 164 کے تحت اپنا ویڈیو بیان مجسٹریٹ کو ریکارڈ کرایا جس میں سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا گیا ہے۔
انتخابات سیاسی استحکام کی طرف لے جائیں گے۔بلاول زرداری
اپنے ویڈیو بیان میں اعظم خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کا ڈرامہ سیاسی مقاصد کیلئے رچایا اور تمام تر حقائق کو چھپاتے ہوئے سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ تراشا گیا۔ تحریکِ عدم اعتماد سے بچنے کیلئے سائفر کو بیرونی سازش کا نام دیا گیا۔
بیان میں سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کہتے تھے کہ میں سائفر کو غلط رنگ دے کر عوام کا بیانیہ بدل دوں گا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے مجھ سے سائفر 9 مارچ کو لے لیا اور بعد میں گم کردیا اور پھر سائفر کا ڈرامہ رچایا گیا۔
سابق پرنسپل سیکریٹری نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے سائفر کے ڈرامے کے ذریعے عوام میں ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف نفرت کا بیج بویا اور منع کرنے کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی نے سیکریٹ مراسلہ ذاتی مفاد کیلئے لہرا دیا۔
اعظم خان نے کہا کہ سائفر واپس مانگنے پر عمران خان نے بتایا کہ سائفر گم ہوچکا ہے اور سائفر کو عوام کے سامنے پیش کرکے بطور ”بیرونی سازش کا ثبوت“ عوام کے سامنے پیش کرنے کی بات کی۔ 28مارچ کو بنی گالا میٹنگ اور 30مارچ کو خصوصی کابینہ میٹنگ میں اس کا ذکر آیا۔
میٹنگز کے دوران اعظم خان کے بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے شرکاء کو سائفر کے مندرجات سے آگاہ کیا تاہم چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر اپنے پاس رکھ لیا جو قانون کی خلاف ورزی تھی اور بعد ازاں سائفر کے ذریعے غیر ملکی سازش کا بیانیہ گھڑ لیا گیا۔