اینٹی وائلنس کرائم سیل (اے وی سی سی) نے کراچی سے 8 سالہ بچے کے اغواء پر کارروائی کرتے ہوئے 5 اغواء کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی وائلنس کرائم سیل نے 5 اغواء کاروں کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے 25 ستمبر کو کراچی کے علاقے غلام محمد گوٹھ (گھگر پھاٹک) سے 8 سالہ بچے کو اغواء کر لیا تھا۔
واقعے کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسی روز اسٹیل ٹاؤن پولیس حرکت میں آگئی، بچہ اسی روز بازیاب کرایا گیا اور 3 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ بعد ازاں اغواء کا معاملہ ہونے کی وجہ سے کیس اے وی سی سی منتقل کیا گیا۔
اسٹیل ٹاؤن پولیس کے گرفتار کیے گئے ملزمان کی نشاندہی پر مزید 2 اغوا کاروں کو آج گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 8 سالہ بچے فیاض کو ملزمان نے تاوان حاصل کرنے کی نیت سے اغواء کیا۔ ملزمان میں نواز، ملازم حسین اور شبیر شامل ہیں۔
اے وی سی سی کا کہنا ہے کہ نذر عباس اور عاشق حسین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ اغواء کی دفعات کے تحت گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیچہ وطنی میں معمولی تلخ کلامی پرفائرنگ، 5 افراد ہلاک، 3 زخمی