فریئر ٹاؤن کا میک نیل روڈ تجاوزات کا جنگل بن گیا ہے، عتیق میر

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Atiq Mir congratulated the Bohra Pir panel on its victory in the election of The Glass Merchants Group.

کراچی:آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میرنے کہا ہے کہ علاقہ فریئر ٹاؤن میک نیل روڈ تجاوزات کا جنگل بن گیا،انچارج تھانہ فریئر ٹاؤن اور اسسٹنٹ کمشنر سول لائن کا اہلیانِ علاقہ کی تحریری شکایات کے باوجود تجاوزات کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہیں۔

آل کراچی تاجر اتحاد اور عتیق میر فاؤنڈیشن کے چیئرمین عتیق میر نے علاقہ فریئر ٹاؤن میں پولیس کی زیرِ سرپرستی بڑھتی ہوئی تجاوزات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود علاقہ فریئر ٹاؤن میں دن بدن بڑھتی ہوئی تجاوزات نے چیف جسٹس آف پاکستان کے احکامات کی دھجیاں اڑادی ہیں۔

للی برج کے نیچے میک نیل روڈ پر ناجائز طور پر قائم کی گئیں دکانوں کے سامنے تجاوزات آدھی سڑک تک پھیل گئی ہیں جس سے ٹریفک کی آمد و رفت میں شدید خلل پیدا ہورہا ہے، انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِ اعلیٰ، گورنر سندھ، وزیرِ بلدیات، ایڈمنسٹریٹر کراچی، آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ فریئر ٹاؤن میں تھانہ فریئر ٹاؤن کی زیرِ سرپرستی قائم کی گئیں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے جس میں متواتر اضافہ ہورہا ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ تجاوزات میں ہوٹلز، دکانیں، پنکچر شاپس، کار واش سروس، پان کے کیبن، شربت کے ٹھیلے، آر او پلانٹ، ٹھیلے اور پتھارے شامل ہیں جن سے تھانہ فریئر ٹاؤن لاکھوں روپے ماہانہ رشوت وصول کرتا ہے۔

مزید پڑھیں:ڈیلرز نے ہڑتال کی دھمکی دیدی، ملک بھر میں پیٹرول کے نئے بحران کا خدشہ

انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے واضح احکامات کے باوجود علاقے میں بے خوف و خطر تجاوزات کا سلسلہ جاری ہے اور واضح طور پر تھانے کی سرپرستی میں سڑک پر کاروبار ہورہا ہے، تجاوزات کا یہ افسوسناک سلسلہ بڑھتا ہوا سڑک کے دوسری جانب بھی پھیل گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ گھروں کے سامنے ناجائز طور پر قائم کیئے گئے ہوٹلوں میں سارا دن مشکوک افراد چائے پینے اور کھانا کھانے کے بہانے بیٹھے رہتے ہیں جن کی نظریں رہائشیوں کی آمد و رفت پر لگی رہتی ہیں، ان افراد میں منشیات فروش بھی شامل ہیں جوکہ علاقے کے نوجوانوں کیلئے شدید خطرہ ہیں، ان میں موجود جرائم پیشہ افراد رہائشیوں اور ان کے بچوں کو مجرمانہ مقاصد کے تحت نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تجاوزات کرنے والے دکانداران اور ہوٹل مالکان نے کرسیاں، میز، چولھے، ریت، بجری، اینٹیں اور دیگر سامان پھیلا کر آدھی سڑک بلاک کردی ہے جس سے ٹریفک میں شدید خلل اور آمد و رفت مشکل ہوگئی ہے۔

انھوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں قائم غیرقانونی دکانوں اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے فوری، مؤثر اور مستقل اقدامات کیئے جائیں اور علاقہ رہائشیوں کی جائز اور قانونی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔

Related Posts