جعلی اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری اور فریال تالپرکی سپریم کورٹ میں جلد سماعت کی درخواست

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

asif zardari faryal talpur
جعلی اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری اور فریال تالپرکی سپریم کورٹ میں جلد سماعت کی درخواست

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف زرداری و ان کی ہمشیرہ فریال تالپر نےجعلی اکاونٹس کیس کراچی منتقل کرنےاور جلد سماعت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔

سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ ان کی اپیلوں پر جلد سماعت کی جائے ، درخواست میں آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ کے مقدمے کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔

آصف زرداری نے سپریم کورٹ میں درخواست سینئر وکیل فاروق نائیک کے توسط سے دائر کی ہےجس میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی کہ اپیل پر پیر یا منگل کے روز سماعت کرے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جعلی اکاونٹ کیس کا معاملہ کراچی کی بینکنگ عدالت سے منتقلی کے بعد سے ہی اسلام آباد کی احتساب عدالت کے سامنے زیر سماعت ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ آصف زرداری من گھڑت اور جھوٹے مقدمات سے بری ہوئے ہیں ،ایف آئی اے نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا،آصف زرداری کوعبوری چالان میں ملزم نہیں بنایا گیا،  آصف زرداری پیپلز پارٹی کے صدر ہیں اور صدر پاکستان بھی رہے ہیں،آصف زرداری کوسیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجاتا رہا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ سندھ ہائی کورٹ کی 2 اپریل کی سماعت حقائق کے منافی تھی کیوں کہ عدالت عظمیٰ نے 7 جنوری کو اپنے حکم میں کراچی کی بینکنگ عدالت سے اسلام آباد کی احتساب عدالت منتقل کرنے کے لیے کوئی ہدایت نہیں دی تھی۔

سپریم کورٹ نےجعلی اکاؤنٹس معاملے کی جےآئی ٹی سےتحقیقات کرائیں ، اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جھوٹے اور من گھڑت جعلی اکاؤنٹس کیس سے آصف زرداری کو الگ کیا جائے ۔

واضح رہے کہ آصف زرداری نے مقدمہ کراچی سے اسلام اباد منتقل کرنے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو 28 مئی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، 12 نومبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی علاج کے لیے انہیں کراچی منتقل کرنے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست مسترد کردی

واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار آصف علی زرداری کو 22 اکتوبر کو اڈیالہ جیل سے پمز لایا گیا تھا، جہاں انہیں شعبہ امراض قلب کے وی آئی پی وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا، ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے تھے اور ان کی حالت خطرے سے باہر قرار دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ برس 6 جولائی کو بینکنگ کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کیس کا مقدمہ دائر کیا تھا آصف زرداری اور فریال تالپور نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ضمانت لے رکھی تھی ، بعد ازاں احتساب عدالت سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے پر انہیں عدالت نے گرفتار کر لیا تھا۔

Related Posts