لاہور:سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا نے پاکستان کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ،ایونٹ کے آٹھویں راؤنڈ کے اختتام پر تینوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 12، 12ہے۔ سینٹرل پنجاب 6، سدرن پنجاب 4 اور ناردرن 2 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجودہے۔
ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ناردرن کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ 222 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز ہی بناسکی۔ آؤٹ فیلڈگیلی ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کے مابین میچ 25،25 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
عمر امین 66 اور عماد وسیم 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔ صائم ایوب، محمد عمر اور شاہنواز دھانی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سندھ نے صائم ایوب کے 57 اور دانش عزیز کے ناٹ آؤٹ 46 رنز کی بدولت مقررہ 25 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے تھے۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے عمران بٹ اور اسد شفیق کی سنچریوں کی بدولت سینٹرل پنجاب کو 76 رنز سے ہرادیا۔ بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر ہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 371 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے اور ٹی 20 سیریزلاہور منتقل