لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اعلان کیا ہے کہ قصور کی تحصیل چونیاں میں بچوں کے اغواء کے واقعات میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا ہے، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے چونیاں میں بچوں سے زیادتی کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا ہے، ملزم کا ڈی این اے بچوں کے ڈی این اے سے میچ کرگیا یہ ملزم اس سے قبل بھی 5 سالہ بچے سے بدفعلی میں ڈیڑھ سال کی سزا کاٹ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27 سالہ ملزم صہیب شہزاد کو فوری طور پر انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) کی عدالت میں بھیج دیا گیا ہے اور اس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔
و زیر اعلیٰ کے مطابق گرفتار ملزم صہیب شہزاد ولد محمد اسلم چونیاں کے علاقے راناؤن کا رہائشی ہے، ملزم کی گرفتاری کے لیے درجنوں افراد کے ڈی این اے سیمپلز حاصل کیے گئے جس کے بعد ایک سیمپل ملزم سے میچ کرگیا جس بنا پر اسے گرفتار کیا گیا جبکہ کیس کی تفتیش کے دوران 1649 افراد کی جیو فینسنگ کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متعلقہ اداروں نے بہت محنت کی جس پر ان کا شکر گزار ہوں، مظلوم خاندانوں کو انصاف ملے گا، پراسیکوٹراس کیس کی خود پیروی کریں گے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ چونیاں اور قصور کو سیف سٹی پراجیکٹ میں شامل کررہے ہیں، قانون سازی کریں گے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کےکام کرنےکی جرات نہ کرسکے۔ انہوں نے قصور میں بچوں کی حفاظت کے لیے چائلڈ پروٹیکشن سینٹر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
رحیم یار خان میں قتل ہونے والے صلاح الدین کیس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں کر سکتے، کیس میں خود جج بن کرسزا نہیں دے سکتا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب عارف نواز نے بتایا کہ ملزم سہیل شہزاد کی عمر 27 سال ہے، وہ غیرشادی شدہ اور لاہور میں تندور پر روٹیاں لگاتا ہے۔
یاد رہے کہ قصور کی تحصیل چونیاں میں ڈھائی ماہ کے دوران 4 بچوں کو اغواء کیا گیا جن میں سے تین بچوں فیضان، علی حسنین اور سلمان کی لاشیں گزشتہ روز جھاڑیوں سے ملی تھیں جب کہ 12 سالہ عمران اب بھی لاپتا ہے۔