لاہور: برکی پولیس نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک زیر تعمیر گھر میں کارروائی کرتے ہوئے 14 سالہ لڑکے کی لاش برآمد کرلی ہے، جبکہ قتل کے شبے میں 15 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
مقتول لڑکے کی شناخت حافظ محمد طلحہ کے نام سے ہوئی ہے۔ متوفی کچھ دن پہلے فیصل آباد سے اپنے ماموں کو پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی دیکھنے آیا تھا۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ لڑکا منگل کو اپنے ماموں کے گھر سے گلی میں کھیلنے کے لیے نکلا اور کچھ گھنٹوں تک واپس نہیں آیا۔ اس کے چچا نے تلاش شروع کی تو زیر تعمیر مکان سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔
پولیس نے اسے قتل کا مقدمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاش کے سر اور اس کے جسم کے دیگر حصوں پر گہرے تشدد کے نشانات تھے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے بے رحمی سے قتل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق 15 سالہ ملزم رضا منگل کی شام ساڑھے سات بجے 14 سالہ طلحہ کو ورغلا کر ایک زیر تعمیر مکان میں لے گیا اور وہاں جھگڑے کے بعد گلے پر چھری مار کر اسے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم رضا ورثاء کے ساتھ مل کر مقتول کو ڈھونڈتا رہا اور مساجد میں اعلان بھی کرواتا رہا۔ پولیس کے مطابق ملزم رضا مقتول طلحہ کی کزن سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن اس لڑکی کے ساتھ طلحہ کی شادی ہونے کے شک پر اسے قتل کردیا۔
ملزم رضا نے دوران تفتیش اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے کہ اس نے مقتول کی کزن کے گھر پر رشتہ بھی بھیجا تھا جس سے انکار ہو گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : گلستان جوہر میں خاتون پر تیزاب پھینک دیا گیا، ملزمان فرار ہو گئے