پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کو آج عوام سے بچھڑے ہوئے 12 برس مکمل ہوچکے ہیں، بی بی شہید کے چاہنے والے ملک بھر میں ان کی برسی منا رہے ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آج بی بی شہید کی برسی کے موقعے پر راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں آمد کا اعلان کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے اسٹیج تیار کر لیا جبکہ پیپلز پارٹی کے سرخ و سبز و سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بی بی شہید کی 12ویں برسی کے موقعے پر ذوالفقار علی بھٹو شہید، بی بی شہید، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر صوبائی و مرکزی قیادت بی بی شہید کی برسی کے موقعے پر خطاب کرے گی۔
لیاقت باغ میں سیکورٹی انتظامات سخت ہیں، ملک بھر سے پارٹی رہنما و قائدین بڑی تعداد میں راولپنڈی کا رُخ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بی بی شہید کی برسی پر ان کے لیے دعا گو جیالے ملک بھر میں قرآن خوانی کا اہتمام بھی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 27 دسمبر کو سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی شہادت کے موقعے پر راولپنڈی کے دورے کا اعلان کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 8 روز قبل اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 27 دسمبر کو جو علم گرانے کی کوشش کی گئی، وہ علم تھامنے آ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کا 27 دسمبر کو راولپنڈی کے دورے کا اعلان