آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 23 ویں میچ میں جنوبی افریقی بیٹرز نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے بنگلادیش کو جیت کےلیے 383 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔
ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اننگ کے ابتدائی 8 اوورز کے دوران جنوبی افریقا نے 36 رنز پر 2 وکٹیں گنوائیں۔ ریزا ہینڈرکس 12 اور راسی ونڈردوسن ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اِن فارم بیٹر کوئنٹن ڈی کاک ایک اینڈ پر جمے رہے۔
سوشل میڈیا پر منفی تبصروں کی وجہ سے ذہنی بیماری میں مبتلا ہوگئی تھی، مریم انصاری
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد کوئنٹن ڈی کاک اور ایڈن مارکرم نے پارٹنرشپ قائم کی اور اسکور 167 رنز تک پہنچادیا جس کے بعد 30.4 اوورز میں ایڈن مارکرم 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اسکے بعد چوتھی وکٹ پر کوئنٹن ڈی کاک اور ہینرک کلاسین کے درمیان 87 گیندوں پر 143 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے بنگلادیشی بولرز کے چھکے چھڑا دیے۔
جنوبی افریقہ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز کوئنٹن ڈی کاک تھے، انہوں نے 174 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔
اننگز کے اختتامی لمحات میں ہینرک کلاسین کا بلا رنز اگلتا رہا اور نئے آنے والے بلے باز ڈیوڈ ملر نے بھی خوب ہاتھ صاف کیا۔
کلاسین آخری اوور میں 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
ڈیوڈ ملر نے 15 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ مارکو یانسین نے ایک رن بنایا۔
بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہدی حسن میراز، شریف الاسلام اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
خیال رہے کہ اس میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت ایڈن مارکرم اور بنگلادیش کی قیادت شکیب الحسن کر رہے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا تیسرے اور بنگلا دیش ساتویں نمبر پر ہے۔