افغانستان نے انگلینڈ کو آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 13ویں میچ میں جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف دے دیا۔
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کا 13 واں میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 284 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، گرباز 80 اور اکرام 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔
یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں دو دو میچز کھیل چکی ہیں، انگلینڈ نے ایک میچ جیتا ہے جبکہ افغان ٹیم کو دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
افغان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران کے درمیان پہلی وکٹ پر 114رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم پھر ابراہیم کو عادل رشید نے 28 رنز پر آؤٹ کردیا۔
افغانستان کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 284 رنز پر پویلین لوٹ گئی، انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، مارک ووڈ نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔