ورلڈ بینک نے پاکستان کو کن منصوبوں کیلئے 14کروڑ 97لاکھ ڈالرز کی منظوری دی؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

(فوٹو: ورلڈ بینک)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: ورلڈ بینک نے پاکستان میں 2 منصوبوں کیلئے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالرز قرض کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے  تعاون کرنا ہے۔

نجی ٹی وی (ایکسپریس نیوز) کی رپورٹ کے مطابق عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان کے دو منصوبوں ڈیجیٹل اکانومی اور سیلاب سے بچاؤ کیلئے 149.7ملین ڈالرز فنانسنگ کی منظوری دی، جس میں سے ڈیجیٹل اکانومی کو بہتر بنانے کے پراجیکٹ کیلئے 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی رقم مختص کی گئی ہے۔

ڈیجیٹل اکانومی پراجیکٹ سے ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی اور مالیاتی نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ پراجیکٹ کے ذریعے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی، نتیجتاً ملک کی اقتصادی کارکردگی بہتر ہوگی اور ہم آہنگی و شفافیت کو فروغ دیا جاسکے گا۔

عالمی بینک کی جانب سے مختص مجموعی رقم 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالرز فنانسنگ میں سے سندھ میں بیراجوں کی بہتری کے منصوبے کیلئے 7 کروڑ 17 لاکھ ڈالرز رکھے گئے جس کا مقصد سیلاب سے یقینی بچاؤ، نہری نظام کی لچک اور شدید سیلاب اور خشک سالی کے منفی اثرات کو کم کرنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے پر عزم ہے جس کیلئے ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی حل تلاش کرتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والی آفات سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

Related Posts