پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت کیوں معطل کی گئی؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پی ٹی آئی رہنما فیصل واؤڈا کی پارٹی رکنیت کیوں معطل کی گئی؟
پی ٹی آئی رہنما فیصل واؤڈا کی پارٹی رکنیت کیوں معطل کی گئی؟

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے اپنی جماعت کے رکن فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے۔

یہاں پر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا؟

فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے ارشد شریف کے قتل سے متعلق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، جس میں کہا کہ سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے اور مقتول کا کوئی لیپ ٹاک، موبائل نہیں ملے گا کیونکہ تمام شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔ ارشد شریف کی شہادت کوئی حادثہ نہیں بلکہ اُن کو مارنے کی سازش کی گئی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ارشد شریف کو کینیا لے جانے والا کوئی عام آدمی نہیں تھا، ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا، پاکستان آنے کو تیار تھا، جب ارشد شریف اس ملک سے گیا ہے میں پہلے دن سے آخری دن تک اس سے رابطے میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرا فون فورنسک کے لیے تیار ہے، جو سازش پاکستان کے ساتھ ہو رہی ہے اس کے کھلاڑی پاکستان میں موجود ہیں، ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا دھمکایا اور یہاں سے نکال دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران فیصل واؤڈا نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ مجھے اس مارچ میں خون ہی خون اور جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں۔

پارٹی رہنماؤں کا سخت ردعمل

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آج کی پریس کانفرنس کا اصل مقصد کیا تھا؟ لانگ مارچ پُرامن ہوگا، لاشوں کی سیاست عمران خان کا شیوہ نہیں اور لانگ مارچ کو خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ فیصل واوڈا نے ہمارے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ جب عمران خان نے واضح ہدایات جاری کردی ہیں کہ سب کو پرامن رہنا ہے تو ان (فیصل واوڈا) کی نیوز کانفرنس میں کیا وزن رہ جاتا ہے؟

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس نہ تو تحریک انصاف کی پالیسی کی نمائندگی کرتی ہے اور نہ ہی یہ پارٹی کا مؤقف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی چئیرمین عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف سندھ کے صدر کو ہدایت کی گئی ہے کہ فیصل واؤڈا کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے۔

فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی

فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کے بعد پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے انھیں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے اُن کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے اور اُن کے بیان پر دو روز میں وضاحت طلب کی ہے۔

فیصل واؤڈا کو جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے پارٹی کیخلاف بیانات دے کر پارٹی ڈسپلن اور گائیڈلائنز کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے، شوکاز نوٹس ملنے کے دو روز کے اندر اندر جواب دیں کہ، کیوں آپ کی پارٹی رکنیت منسوخ نہ کی جائے؟

شوکاز نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ آپ کو جواب ملنے تک آپ کی پارٹی رکنیت معطل کی جاتی ہے اور اس وقت تک آپ جماعت کا کوئی عہدہ رکھ سکتے ہیں اور نہ ہی میڈیا میں پارٹی کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔

پارٹی رکنیت معطل ہونے پرفیصل واوڈا کا ردعمل

پارٹی رکنیت معطل ہونے پر فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کے حوالے سے جو پیغام دیا، اُس پر قائم ہوں، پارٹی کو سچا مشورہ دیا ۔ پہلے بھی کہہ چکا اور آج بھی کہہ رہا ہوں۔ کچھ سازشی ہمارے پر امن مارچ میں معصوم لوگوں کو بلی کا بکرا بنا سکتے ہیں، اس میں پارٹی پالیسی کے خلاف کیا ہے؟

حاصلِ بحث

پی ٹی آئی کے اکثر رہنماؤں کا یہ ماننا ہے کہ فیصل واوڈا نے اپنی پریس کانفرنس سے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ تاہم، اس حوالے سے سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر انھیں واقعی میں ایسا لگتا ہے کہ کل کی پریس کانفرنس سے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے تو انھیں اس حوالے سے فیصل واوڈا سے بات کرنی چاہیئے کیونکہ ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ پی ٹی آئی کے مخالفین کی جانب سے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوئی خفیہ پلاننگ کی جارہی ہو اور اُس کا علم فیصل واوڈا کو ہوگیا ہو لہٰذا پارٹی رہنماؤں کو اُن سے لانگ مارچ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کرنے کی ضرورت ہے۔

Related Posts