نیٹ فلکس کا تازہ ترین کرائم ڈراما “ایڈولی سینس” اس ہفتے ریلیز ہو رہا ہے، جو ایک سنسنی خیز اور پریشان کن کہانی کو پردۂ سکرین پر لا رہا ہے۔
چار اقساط پر مشتمل اس سیریز میں معروف اداکار اسٹیفن گراہم مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ کہانی 13 سالہ جیمی ملر کے گرد گھومتی ہے، جس پر اپنے ساتھی طالبعلم کے قتل کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔
مسلسل ون ٹیک فارمیٹ میں فلمائی گئی یہ سیریز جرم کے گرد موجود نفسیاتی اور سماجی مسائل کو گہرائی سے کھنگالتی ہے۔ کہانی میں انسیل کلچر، عورت دشمنی اور آن لائن “مینوسفیئر” جیسے موضوعات کو نمایاں کیا گیا ہے۔ تفتیش سے آگے بڑھ کر یہ ڈراما جیمی کے خاندان اور کیس پر مامور تفتیشی افسران پر پڑنے والے گہرے جذباتی اثرات کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
کہانی کا مرکزی نکتہ جیمی اور اس کے والد ایڈی ملر (اسٹیفن گراہم) کا تعلق ہے۔ قتل کے الزام میں گرفتاری کے بعد جیمی اپنے دفاع میں اپنے والد کو بطور “مناسب بالغ” اپنے ساتھ رکھنے پر اصرار کرتا ہے۔
گرفتاری، تفتیش اور عدالتی جنگ کے اس دردناک سفر میں، ایڈی اپنے بیٹے کے ساتھ کھڑا رہتا ہے، اس صدمے سے نبرد آزما ہونے کی کوشش کرتا ہے، جو کسی بھی والد کے لیے ناقابلِ تصور ہو سکتا ہے۔

یہ کہانی دل دہلا دینے والی بھی ہے اور جذبات کو چھو لینے والی بھی۔ ایڈولی سینس میں ایرن ڈوہرٹی بطور چائلڈ سائیکالوجسٹ اور اووین کوپر ایک 14 سالہ لڑکے کے کردار میں جلوہ گر ہیں، جس پر قتل کا الزام ہے۔
“ایڈولی سینس” کیوں دیکھنا چاہئے؟
یہ کہانی جدید معاشرتی مسائل کو بے خوفی سے کھوجتی ہے اور ناظرین کے لیے ایک دہلا دینے والا اور غور و فکر پر مجبور کرنے والا تجربہ فراہم کرتی ہے۔
یہ سیریز نہ صرف ایک سنسنی خیز کرائم ڈراما ہے، بلکہ آن لائن انتہا پسندی اور نوجوانوں کے استحصال جیسے فوری حل طلب مسائل پر بھی سوال اٹھاتی ہے، اس لیے اس کا دیکھنا فائدے سے خالی نہیں ہے۔
اداکار: اسٹیفن گراہم، ایشلے والٹرز، ایرن ڈوہرٹی، اووین کوپر
تخلیق کار: اسٹیفن گراہم اور جیک تھورن
ہدایتکار: فلپ بارانتینی