بالی ووڈ فنکارہ جھانوی کپور کی فلم الجھ کے ٹریلر میں سابق حکمراں سیاسی جماعت پی ٹی آئی کا جلسہ دکھایا گیا ہے، جلسے میں لہراتے ہوئے تحریکِ انصاف کے جھنڈوں نے عوامی توجہ حاصل کرلی۔
رواں برس 2 اگست کو جھانوی کپور کی فلم الجھ سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، فلم میں سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور قانون نافذ کرنے والی آفیسر بن کر کردار نبھاتی نظر آئیں گی جبکہ فلم کا ٹریلر 15 جولائی کو ریلیز کیا گیا تھا جسے 7روز میں 2کروڑ 80لاکھ بار دیکھا گیا ہے۔
فلم کے ٹریلر کو 60 ہزار یوٹیوب صارفین نے پسندیدگی کی سند عطا کردی۔ فلم میں جھانوی کپور جس سہانا بھاٹیا کا کردار ادا کرتی ہیں وہ ایک محب الوطن بھارتی خاندان سے تعلق رکھتی ہے، ٹریلر میں دکھایا گیا کہ جھانوی کپور کو غدار قرار دے دیا جاتا ہے۔
فلم کا پلاٹ بیان کرنے کے ساتھ ساتھ جھانوی کپور کی فلم الجھ کے ٹریلر میں تحریکِ انصاف کے جلسے کی ایک جھلک بھی دکھائی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے خفیہ ادارے آئی ایس آئی پر مختلف الزامات بھی لگائے گئے۔
تحریکِ انصاف کے جلسے میں پی ٹی آئی کے ووٹرز اور سپورٹرز کی بڑی تعداد دکھائی گئی ہے۔ ٹریلر کے کمنٹ سیکشن میں تحریکِ انصاف کے حامی افراد نے پی ٹی آئی کے جلسے پر مبنی سین کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
جلسہ دکھانے کی وجہ؟
اگر ہم جھانوی کپور کی فلم الجھ کے ٹریلر پر ایک نظرڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ ٹریلر میں جہاں بات بھارت سے پاکستان کی طرف منتقل ہونے لگتی ہے تو پاکستان کے مناظر دکھائے جانے سے قبل پی ٹی آئی کا جلسہ دکھایا جاتا ہے جس کا مقصد ملک کی سیاسی صورتحال دکھانا ہے۔