یوٹیوبر حافظ احمد کو مولانا فضل الرحمن کے متعلق اپنی پوڈ کاسٹ کیوں ڈیلیٹ کرنا پڑی؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

معروف پوڈ کاسٹر حافظ احمد کو اپنی پوڈ کاسٹ میں مولانا فضل الرحمن کی ڈمی کے ساتھ مزاحیہ گفتگو مہنگی پڑگئی، جے یو آئی کی جانب سے شدید ردعمل کے بعد حافظ احمد نے پوڈ کاسٹ ڈیلیٹ کرکے معذرت کرلی۔

گزشتہ دن معروف پوڈ کاسٹر حافظ احمد نے اپنی پوڈ کاسٹ میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ڈمی کے ساتھ مزاحیہ گفتگو کا سیگمنٹ رکھا، جس کی ویڈیو ان کے چینل پر اپلوڈ ہوتے ہی جے یو آئی کے کارکنوں کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا۔

حافظ احمد کی اس پوڈ کاسٹ پر جے یو آئی کارکنان کے علاوہ بھی بہت سے لوگوں نے ناگواری کا اظہار کیا اور موقف اختیار کیا کہ اس میں مزاح کے نام پر ایک عالم دین کی توہین اور تذلیل کی گئی ہے۔

مختلف حلقوں کی طرف سے سخت رد عمل آنے کے بعد پوڈ کاسٹر حافظ احمد نے فیس بک پر اپنی تصدیق شدہ آئی ڈی سے معذرت کی پوسٹ شیئر کی اور بتایا کہ بہت سے لوگوں کی دل آزاری کا احساس ہونے پر میں نے پوڈ کاسٹ ڈیلیٹ کر دی ہے۔

اپنے اعتذار میں انہوں نے لکھا کہ ڈمی مولانا فضل الرحمان صاحب والی پوڈ کاسٹ ڈیلیٹ کر دی گئی ہے، یہ پوڈ کاسٹ کچھ دوستوں کے مشورے پر کی گئی تھی اور کسی کی تذلیل ہرگز مقصد نہیں تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم خود علماء حضرات سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، جن دوستوں کی دل آزاری ہوئی، اس پر میں اور میری پوری ٹیم معذرت خواہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ خیر خواہ دوستوں کی طرف سے کالز آئیں، جن سے قریبی تعلق ہے اور وہ مولانا کے بھی کافی قریب ہیں، لہٰذا فیصلہ کیا گیا کہ اگر کسی کی دل آزاری ہو رہی ہے تو فوراً ایسی پوڈ کاسٹ ڈیلیٹ کر دینی چاہئے، کوشش کریں گے کہ آئندہ اچھی پوڈکاسٹ آپ تک لے کر آئیں۔

قبل ازیں سوشل میڈیا پر جے یو آئی کے کارکنان نے اس پوڈ کاسٹ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ  اس پوڈ کاسٹ میں مزاح کے نام پر ایک عالم دین کی بد ترین تذلیل اور توہین کی گئی، جس کی کسی  صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

حافظ احمد کی جانب سے پوڈ کاسٹ ہٹانے اور معذرت کرنے پر جے یو آئی کارکنان کا غصہ کسی قدر ٹھنڈا ہوگیا ہے اور انہوں نے حافظ احمد کا اعتذار شکریے کے ساتھ قبول کرلیا ہے، تاہم اس پوڈ کاسٹ کے ایک پہلو پر ان کا غصہ تا حال برقرار ہے۔

جے یو آئی کارکنان نے معذرت کرنے پر پوڈ کاسٹر کو تو معاف کر دیا ہے مگر لگتا ہے اس پوڈ کاسٹ میں مولانا فضل الرحمن کی ڈمی کا کردار ادا کرنے والے شخص پر ان کا غصہ اب بھی باقی ہے۔ 

Related Posts