مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر نے لندن میں شادی کے دو سال بعد اپنی اہلیہ عائشہ سیف الرحمان کو طلاق دے دی ہے۔
مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر اور عائشہ سیف کے درمیان دسمبر 2021 میں شادی ہوئی تھی، تاہم اب دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جنید صفدرنے انسٹاگرام پر اپنی سابقہ اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں کی تصدیق کی۔ جنید صفدر نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میری طلاق کی خبر سچ ہے۔ یہ میرا نجی معاملہ ہے اور میں میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ہماری رازداری کا احترام کریں۔
جنید صفدر نے مزید لکھا کہ مجھے امید ہے اس فیصلے سے ہم دونوں کو سکون ملے گا انشاء اللہ، اس بارے میں مزید کچھ نہیں کہوں گا۔
جنید صفدر نے اپنی سابقہ اہلیہ عائشہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے یہ اعلان کرنے کے بعد انسٹاگرام سے اپنی سابقہ اہلیہ کے ساتھ اپنی تمام تصاویر ہٹا دیں۔
عائشہ سیف نواز شریف کے قریبی ساتھی سیف الرحمان خان کی بیٹی ہیں، جنہیں 1997 میں نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں اس وقت کے احتساب بیورو کا چیئرمین بنایا گیا تھا۔
جنید نے عائشہ کے ساتھ 22 اگست 2021 کو لندن کے مقامی ہوٹل میں شادی کی تھی، انہوں نے شادی کی تصاویر انسٹا گرام پر شیئر بھی کی تھیں۔ شادی کا استقبالیہ 14 دسمبر کو اسلام آباد میں اور 17 دسمبر کو لاہور میں ولیمے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
نکاح کے دوران مریم نواز کی بہو عائشہ سیف کے عروسی لباس کے چرچے
رپورٹ کے مطابق عائشہ کی پیدائش اور پرورش قطر میں ہوئی۔ انہوں نے برٹش ایلیمنٹری اور بڑے اسکولوں میں تعلیم حاصل کی، جہاں انہوں نے O اور A لیولز میں اعزاز حاصل کیا۔ عائشہ سیف قطر میں قائم صنعتی اور کنٹریکٹنگ کمپنی ریڈکو انٹرنیشنل میں بطور ڈائریکٹر کام کرتی تھیں۔