نچ پنجابن کا مالک کون، کیا ابرارالحق کا الزام بے بنیاد ہے؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

نچ پنجابن کا مالک کون، کیا ابرارالحق کا الزام بے بنیاد ہے؟
نچ پنجابن کا مالک کون، کیا ابرارالحق کا الزام بے بنیاد ہے؟

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان کے مشہور ومعروف گلوکار ابرارالحق کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ کرن جوہر کی آنے والی فلم’جگ جگ جیو‘میں اُن کے گانے ’نچ پنجابن‘ کو کاپی کیا گیا ہے۔

’نچ پنجابن‘ کب ریلیز ہوا تھا؟

مشہور گلوکار ابرارالحق نے 2000 کی دہائی میں اپنا گانا نچ پنجابن ریکارڈکرایاتھا، گلوکار ابرارالحق نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ میں نے اس گانے میں پنجابی ٹچ ڈالنے کیلئے ایک مخصوص قسم کا انداز اپنایا تھا۔

گلوکار نے اس گانے کے حوالے سے مزید کہا تھاکہ اس طرح کے گانے قسمت سے بنتے ہیں، زندگی میں ایک بار ایسا اتفاق ہوتا ہے۔ ’اس طرح کے گانوں کی کوئی قیمت نہیں۔ نہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ میں ایسا پھر بنا لوں گا۔‘

ابرارالحق کا گانا انڈین فلم میں شامل

معروف گلوکار کا گانا نچ پنجابن انڈین فلم میں شامل ہے،حال ہی میں فلمساز کرن جوہر کی کمپنی ’دھرما پروڈکشنز‘ کے بینر تلے فلم ’جُگ جُگ جیو‘ کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے جس میں نچ پنجابن سُنائی دیتا ہے۔

مذکورہ فلم میں ورون دھون، کیارا ایڈوانی، نیتو کپور اور انیل کپور جیسے بڑے ستارے ہیں جو اس گانے پر ڈانس کرتے دکھائے دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرامہ سیریل ’سایا 2‘ کے خوبصورت جن کے ہرطرف چرچے

شادیوں میں بجنے والا روایتی گانا

پاکستان کی شادیوں میں روایتی طور پر اسی گانے کو بجایا جاتا ہے، خاص طور پر مہندی کے موقع پر اس گانے پر لڑکی والوں اور لڑکے والوں دونوں کی طرف سے خصوصی پرفارمنس دی جاتی ہے۔

یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ آج بھی ملک میں اکثر شادیاں اور ڈانس پارٹیاں اس گانے کے بغیر ادھوری ہوتی ہیں۔

گانا کاپی کیے جانے پر ابرارالحق کا ردعمل

فلم ’جُگ جُگ جیو‘ کا ٹریلر جب ریلیز ہوا تو اس میں ’نچ پنجابن‘ بھی شامل تھا جس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور پاکستان میں اس لئے وائرل ہوئی کیونکہ لوگوں کا یہ خیال تھا کہ یہ گلوکار ابرارالحق کا گانا ہے جس کو بھارتی فلمساز نے اپنی فلم میں کاپی کیا ہے۔

بعدازاں اس پر گلوکار ابرارالحق کا بھی ردعمل سامنے آیا، انہوں نے کہا کہ میں اپنے گانے کو بھارتی فلم میں استعمال کیے جانے پر ہرجانے کے لیے کورٹ جانے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔ گلوکار نے کہا کہ کرن جوہر جیسے پروڈیوسر کو میرا گانا کاپی نہیں کرنا چاہیے تھا۔اُن کا مزید کہناتھا کہ یہ میرا چھٹا گانا کاپی کیا جارہا ہے، جس کی ہرگز اجازت نہیں دوں گا۔

نیوز ایجنسی نے گلوکار کے دعویٰ کو مسترد کردیا

شوبز کی خبریں کنٹرول کرنے والی ایجنسی’مووی باکس‘ نے ٹوئٹر پر ابرارالحق کی جانب سے بھارتی فلم’جگ جگ جیو‘میں اپنا مشہور گانا ’نچ پنجابن‘ کو کاپی کیے جانے کے دعوے پر اپنا بیان جاری کردیا ہے۔

مووی باکس نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’نچ پنجابن کو قانونی طریقے سے لائنسس کیا گیا۔ ٹی سیریز اور دھرما پروڈکشنز کے پاس اسے فلم میں استعمال کرنے کا حق ہے۔‘ اُس کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ ’ابرار الحق کا ٹویٹ ہتک آمیز اور ناقابل قبول ہے۔‘

خیال رہے کہ مووی باکس برطانیہ میں قائم میں ایک ’بھنگڑا ریکارڈ لیبل‘ ہے اور اس نے کئی معروف گلوکاروں کے گانے ریلیز کیے ہیں، جیسے دلجیت دوسانج، شازیہ منظور، نصیبو لال اور جیزی بی۔

ابرارالحق نے معاہدہ پیش کرنے کا کہہ دیا

گلوکار ابرارالحق نے ٹوئٹر پر مووی باکس کے ردِعمل کا اپنے ٹوئٹ میں جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’کسی کو بھی گانے کا استعمال کرنے کا لائسنس نہیں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاہدہ کیا ہے تو پیش کریں؟ گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ ’میں قانونی کارروائی کروں گا۔‘

عوامی ردعمل

واضح رہے کہ دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ میں پاکستانی گانا ’نچ پنجابن‘ شامل کرنے پر پاکستانی عوام بھی شدید مشتعل ہے، اُن میں سے اکثریت کا خیال ہے کہ بھارت ویسے تو پاکستانی فنکاروں پر اپنے ملک میں کام کرنے پر پابندی عائد کررہا ہے اورہمارے گانے کاپی کرنے میں لگاہوا ہے جبکہ کچھ کے خیال میں ابرارالحق کو اس معاملے کو آسانی سے جانے نہیں دینا چاہیےورنہ گانوں کو کاپی کرنے کا یہ سلسلہ کبھی بھی نہیں رکے گا۔

Related Posts