گزشتہ 41سالوں میں مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی اور شوہر آنند پیرامل کی شادی دنیا کی مہنگی ترین شادی رہی تاہم یہ شادی دنیا کی مہنگی ترین شادی قرار نہیں دی جاسکتی۔
مقامی اخبار روزنامہ پاکستان کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی دنیا کی پہلی نہیں، دوسری مہنگی ترین شادی ہے۔ دنیا کی سب سے مہنگی شادی 1981 میں برطانوی شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے مابین ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق لیڈی ڈیانا کی شادی پر اخراجات کا تخمینہ 110 ملین امریکی ڈالرز سے زائد لگایا گیا ہے جو 914 کروڑ کے لگ بھگ بنتا ہے۔ ایشا امبانی اور آنند پیرامل کی شادی کم و بیش 400 کروڑ روپے کی لاگت میں ہوگئی تھی جس کیلئے مکیش امبانی نے پرتعیش انتظامات کیے۔
مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی میں شرکت کیلئے 100 چارٹرڈ طیاروں سے مہمان لائے گئے جن کو انواع و اقسام کے لذیذ کھانے اور لگژری رہائش کی سہولیات دی گئیں اور بالی ووڈ کے صفِ اوّل کے اداکاروں اور اداکاراؤں کو جلوے بکھیرنے کیلئے بھی بھاری رقوم ادا کی گئی تھیں۔
امریکا کی پاپ گلوکارہ بیونسے نے تقریب میں پرفارمنس کیلئے 30 سے 40 لاکھ ڈالرز وصول کیے تاہم برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا اور پرنس چارلس کی شادی نہ صرف برطانوی شاہی خاندان بلکہ دنیا بھر کی تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھی گئی جس میں 2کروڑ84لاکھ افراد نے شرکت کی۔
شاہی جوڑے نے نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق منگنی اور شادی کیلئے 3 ہزار سے زائد تحائف وصول کیے جن میں مہنگے ہیرے اور سونے کے زیورات، نایاب گھڑیاں اور پرتعیش کراکری کا سامان بھی شامل تھا۔ شادی کی تقریب میں 250 موسیقاروں کی موسیقی براہِ راست پیش کی گئی۔
سن 2004 میں بھارتی ارب پتی لکشمی متل کی بیٹی ونیشا متل نے فرانس میں شادی کی جو دنیا کی تیسری مہنگی ترین شادی کہی جاسکتی ہے جس پر 6 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالرز کے اخراجات آئے جبکہ چوتھے نمبر پر 4کروڑ ڈالرز کے اخراجات کے ساتھ برطانوی شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی ہے جو 2011 میں ہوئی تھی۔