پاکستانیوں میں مقبول سعودی فوڈ چین البیک طویل انتظار کے بعد پاکستان میں آغاز کرنے والی ہے۔ سعودی فوڈ چین کے حکام اور گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (جی او) کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
جدہ میں 1974 میں قائم ہونے والا البیک چرغے کے لیے مشہور ہے اور سعودی عرب، بحرین اور دیگر خطوں میں 120 سے زیادہ شاخیں چلاتا ہے۔
البیک نے پاکستانی تارکینِ وطن اور کاروبار یا مذہبی مقاصد کے لیے مملکت کا سفر کرنے والوں میں مداحوں کی ایک بہت بڑی تعداد جمع کر لی ہے۔
توانائی کی ایک سرکردہ کمپنی جی او کے ساتھ اشتراک پاکستان میں البیک کے آغاز اور موجودگی کو وسعت دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے جہاں لوگوں کو اس کے داخلے کا بے صبری سے انتظار ہے۔
پاکستانی فرم کے جاری کردہ بیان میں اعلان کیا گیا، “سعودی مملکت کے وژن 2030 کی عکاسی کرنے والے ایک اہم قدم کے تحت سعودی وزارتِ سرمایہ کاری کی سرپرستی میں سعودی کمپنی البیک اور پاکستانی کمپنی جی او کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔”
نیز کہا گیا، “اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد اسلامی جمہوریہ پاکستان میں البیک ریستوران قائم کرنے اور چلانے کے لیے ایک تزویری شراکت داری قائم کرنے کے امکانات تلاش کرنا ہے جو پاکستان میں کمپنی کی توسیعی حکمتِ عملی کے ایک حصہ ہے۔”
پاکستانی اور سعودی کاروباری اداروں نے ایک روز قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز کی موجودگی میں دو ارب ڈالر سے زائد کے معاہدات اور مفاہمت ناموں پر دستخط کیے۔
یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب پاکستان دوست ممالک اور علاقائی اتحادیوں کے ساتھ قریبی اقتصادی تعاون کا خواہاں ہے جس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور اپنی 350 بلین ڈالر کی معیشت کو سہارا دینا ہے تاکہ معاشی بحران پر قابو پایا جائے۔