ایک شاہی مبصر نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادی ڈیانا کی موت کے 26 سال بعد چھ گھنٹے کے انکشافی انٹرویو کی ٹیپس ملی ہیں۔ یہ ٹیپس ڈیانا کے سوانح نگار اینڈریو مورٹن کو ان کی کتاب ‘ڈیانا: ہر ٹرو اسٹوری’ کیلئے ریکارڈ کیے گئے انٹرویوز میں سے ہیں۔
برطانوی شاہی مبصر کنزلے شوفیلڈ نے لیڈی ڈیانا کے انٹرویوز کی ان نئی ٹیپس کے متعلق ٹاک ٹی وی کے کرسٹو فوفاس سے بات کی اور بتایا کہ ڈیانا نے ان ٹیپس میں شاہی خاندان کے ایک رکن کے طور پر اپنی زندگی کے بارے میں گفتگو کی ہے۔
کنزلے نے بتایا کہ اینڈریو مورٹن اور لیڈی ڈیانا کے درمیان ڈیانا کا دوست ڈاکٹر جیمز کولتھرسٹ رابطہ کار کا کردار ادا کرتے تھے، جیمز لیڈی ڈیانا سے ان کی گفتگو ریکارڈ کرتے اور پھر یہ ریکارڈڈ گفتگو اینڈریو مورٹن کو پہنچاتے۔
شاہی مبصر نے بتایا کہ جیمز نے مبینہ طور پر انٹرویوز کے اس سلسلے میں سے کچھ اضافی ٹیپس بنائیں، جو اینڈریو مورٹن کی کتاب میں شامل نہیں کی گئیں۔ ان ٹیپس میں شہزادی ڈیانا کے شاہی کے خاندان کے ساتھ تعلقات کی نوعیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
ڈیانا کے انکشافات کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہی مبصر کنزلے نے ان کا موازنہ شاہی خاندان کے خلاف بولنے والے شہزادہ ہیری سے کیا۔ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے 2020 میں خاندان کے ورکنگ ممبر کی حیثیت سے استعفیٰ دیا تھا۔ وہ اب اپنے بچوں پرنس آرچی اور شہزادی للیبیٹ کے ساتھ کیلیفورنیا میں رہتے ہیں۔ دونوں نے شاہی خاندان پر کئی الزامات لگائے۔
کنزلے کا کہنا تھا کہ ڈیانا کے کردار کو مقدس رہنا چاہیے، ان کی ذات سے جڑی چیزوں کو لیکر نئے تنازعات کھڑے کرنا درست نہیں ہے۔
کنزلے نے مزید کہا کہ دریافت ہونے والی نئی ٹیپس سے حاصل معلومات کو اب جاری نہیں کیا جانا چاہیے۔