‘جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی’ کیا ہے اور اس کے نئے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد کون ہیں؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے لیفٹیننٹ جنرل سے ترقی پاکر فور اسٹار جنرل کے طور پر آج 18 ویں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔

جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کیا ہے؟

جے سی ایس سی (جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی) رسمی طور پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ یہ کمیٹی تینوں مسلح افواج پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور پاک آرمی کے چیفس آف اسٹاف یعنی سرابرہان پر مشتمل ہوتی ہے۔

جوائنٹ اسٹاف کمیٹی کے قیام کی ضرورت سقوط ڈھاکا کے بعد پیش آئی۔ سقوط ڈھاکا کے حقائق جاننے کیلئے قائم حمود الرحمن کمیشن کی رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ تینوں افواج کو مل کر ملکی دفاع کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ اس کے لیے جوائنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے اور اس کا الگ سیکریٹریٹ ہو جس میں تینوں افواج کے لوگ مل کر مشترکہ دفاعی منصوبہ بندی کر سکیں۔

 اس سفارش کے نتیجے میں یہ کمیٹی تشکیل پائی۔ اس کی ذمہ داریوں میں تینوں افواج میں رابطہ، مسائل کی نشان دہی اور حل، منصوبہ بندی، رسد اور تربیت کے موضوعات پر کام، غیر ملکی افواج سے رابطے اور دفاعی تعاون شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ ادارہ وزارت دفاع اور تینوں افواج کے درمیان پل کا کردار بھی ادا کرتا ہے۔ آئین و قانون کی رو سے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت اور نگرانی بھی اس کمیٹی کا کردار ہے۔

اس کمیٹی کی سربراہی قانون کے تحت روٹیشن پالیسی کے مطابق باری باری تینوں مسلح افواج کو ملنا ہوتی ہے مگر کچھ معاملات کی بنا پر طویل عرصے سے اس کی سربراہی پاک آرمی کے لیفٹیننٹ جنرل کو ترقی دینے کے بعد سونپی جا رہی ہے۔

جنرل ساحر شمشماد کون ہیں؟

جنرل ساحر شمشاد مرزا کا تعلق ضلع چکوال کے ایک قصبے ملہال مغلاں سے ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ان کے والد ان کی اوائل عمری میں ہی انتقال کر گئے تھے، والد کی وفات کے چند ماہ بعد والدہ بھی اللہ میاں کو پیاری ہوگئیں، جس کے بعد انہوں نے سخت محنت سے اپنی زندگی خود بنائی۔

جنرل ساحر نے پی ایم اے سے 1987ء میں تربیت مکمل کی اور 76 ویں پی ایم اے لانگ کورس کی تکمیل کے بعد پاک فوج میں شامل ہوئے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے فوجی کیرئیر کا آغاز 8 بٹالین سندھ رجمنٹ سے کیا۔ انہیں اپریل 2019ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے رینک پر ترقی دی گئی۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا ترقی کے فور بعد مختصر مدت کیلئے ایڈجوٹنٹ جنرل جی ایچ کیو تعینات ہوئے۔ جون 2019ء میں چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا ستمبر 2021ء میں کور کمانڈر راولپنڈی کے عہدے پر فائز کیے گئے۔ 2015ء سے 2018ء تک ڈی جی ایم او خدمات انجام دیں۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا اکتوبر 2018ء میں وائس چیف آف جنرل اسٹاف تعینات ہوئے۔ بطور لیفٹیننٹ کرنل، بریگیڈیئر اور میجر جنرل ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں خدمات انجام دیں۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروپوں کیخلاف آپریشنز سپروائز کئے۔ انہوں نے انٹرا افغان ڈائیلاگ میں بھی متحرک کردار ادا کیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا گلگت بلتستان اصلاحات کمیٹی کابھی حصہ رہے۔ انہوں نے جی او سی 40انفینٹری ڈویژن اوکاڑہ بھی خدمات انجام دیں۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے یو این امن مشنز میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو سیرالیون میں خدمات پر یو این میڈل سے نوازا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ہلال امتیاز ملٹری ، تمغہ دفاع اور تمغہ جمہوریت سے نوازا گیا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ انسٹرکٹر میڈیل سے بھی نوازا گیا۔

Related Posts