ممبئی: معروف بھارتی اداکار عامر خان نے بالی ووڈ میں لگاتار 35 سال کام کرنے کے بعد بطور اداکار کچھ وقت کے لیے وقفہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عامر خان لال سنگھ چڈھا کے بعد چیمپئنز فلم کا کام شروع کرنے والے تھے لیکن انہوں نے اب یہ کردار ادا کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
معروف اداکار عامر اس فلم کو پروڈیوس کرنے جا رہے ہیں لیکن انہوں نے اداکاری سے معذرت کرلی ہے، مبینہ طور پر عامر نے یہ فیصلہ فلم لال سنگھ چڈھا کی ناکامی کی وجہ سے کیا ہے۔
عامر خان نے کچھ دن پہلے تقریب کے دوران اپنے کیریئر اور فلموں کے بارے میں کھل کر بات کی۔ معروف اداکار کا کہنا تھا کہ میں بطور اداکار کوئی فلم کرتا ہوں تو اس میں گم ہوجاتا ہوں، میری زندگی اُس وقت اس کے علاوہ کچھ اور نہیں چلتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں لال سنگھ چڈھا کے بعد فلم چیمپئنز پر کام شروع کرنے والا تھا، فلم کا اسکرپٹ بہت اچھا تھا، لیکن پھر مجھے احساس ہوا کہ مجھے ایک وقفے کی ضرورت ہے تاکہ میں اپنے خاندان، والدہ اور بچوں کے ساتھ وقت گزار سکوں۔
مزید پڑھیں:جنت مرزا عمران خان کے گُن گانے لگیں، ویڈیو وائرل
اداکار نے کہا کہ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں 35 سال سے مسلسل اپنے کام پر توجہ دے رہا ہوں، یہ میرے قریبی لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں ہے، مجھے اپنے پیاروں کے ساتھ کچھ وقت گزارنا چاہیے تاکہ میں زندگی کو ایک مختلف انداز میں بسر کر سکوں۔