بالی ووڈ فلموں کی ناکامی کے اسباب کیا ہیں؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بالی ووڈ فلموں کی ناکامی کے اسباب کیا ہیں؟
بالی ووڈ فلموں کی ناکامی کے اسباب کیا ہیں؟

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

بالی ووڈ کی فلم انڈسٹری ایک بہت بڑی فلم انڈسٹری ہے لیکن فلم انڈسٹری پر گزشتہ کچھ سالوں سے فلاپ ہونے کے گھنے سائے چھائے ہوئے ہیں جو ہٹنے کا نام نہیں لے رہے۔

کورونا وائرس کی وبا سے پہلے اور بعد میں جو بھی بالی ووڈ فلمیں ریلیز ہوئیں اُن میں سے زیادہ تر باکس آفس پر ناکام ہوئی ہیں۔

رواں سال بالی ووڈ فلموں کے فلاپ ہونے کی شرح ان کے ہٹ ہونے سے زیادہ ہے۔ حالیہ مہینوں میں جو بالی ووڈ فلمیں ریلیز ہوئی ہیں اُن میں سے زیادہ تر باکس آفس پر ناکام رہی ہیں، جن میں شمشیرا، بنٹی اور ببلی 2، جُگ جُگ جیو، شاباش متھو، پرتھوی راج، جیش بھائی، رن وے 34، ہیرو پنتی 2، جرسی، بچن پانڈےاور گنگو بائی شامل ہیں۔

آیئے جانتے ہیں کہ بالی ووڈ فلم انڈسٹری زوال کی طرف کیوں جارہی ہے؟

جنوبی انڈیا کی فلمیں اور بالی ووڈ فلمیں

اس وقت بھارت میں جنوبی انڈیا کی فلمیں زیادہ مشہور ہورہی ہیں، جن میں تامل، تیلگو اور ملیالم زبان میں بننے والی فلمیں شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق اِن فلموں کی مقبولیت کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اکثریت کو معلوم ہوگیا ہے کہ بالی ووڈ کی بڑی فلمیں زیادہ تر جنوبی انڈیا کی فلموں کا چربہ ہوتی ہیں۔

پُرانے گانے اور ناقص کہانیاں

بالی ووڈ میں جو فلمیں آج کل ریلیز کی جارہی ہیں، اُن میں سے زیادہ تر میں پرانی فلموں کے گانوں کو ریمیک کردیا جاتا ہے جبکہ فلم کی کہانی بھی کوئی خاص مضبوط نہیں ہوتی۔

ناظرین کی اکثریت اب یہ شکایت کرتی ہے کہ ہم پورا سال فلم کا انتظار کرتے ہیں اور آخر میں ہمیں وہی گانے سننے کو ملتے ہیں جو کہ وہ پہلے ہی سن چکے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ میوزک انڈسٹری بھی زوال کا شکار ہورہی ہے اور بہت ہی کم ایسا ہوتا ہے کہ موسیقی کے مداحوں کو کچھ پسند آجائے۔

علاوہ ازیں کچھ لوگوں کا بالی ووڈ فلموں کے زوال کے حوالے سے کہنا ہے کہ جب سے بھارت میں مودی کی حکومت آئی ہے، اُس کے بعد سے زیادہ تر ایسے موضوعات پر فلمیں بنائی جارہی ہیں جو کہ ہندو مسلم موضوعات پر مبنی ہوتی ہیں ، یہی وجہ ہے کہ اِن فلموں کومخصوص حلقوں کے علاوہ کہیں پذیرائی نہیں ملتی اور بقیہ فلموں کی کہانیاں اتنی ناقص ہوتی ہیں کہ فلم بین سینما کا رخ کرنے سے گھبراتے ہیں۔

آن لائن اسٹریمنگ کی سہولت

دنیا بھر میں کوروناکی وبا کے دوران آن لائن پلیٹ فارمز کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور لوگوں کے رہن سہن میں بھی بہت تبدیلی آئی ہے، جس نے فلم انڈسٹری پر بہت گہرا اثرڈالا ہے۔

آن لائن اسٹریمنگ جیسے نیٹ فلکس ،ایمیزون پرائم اور ایچ بی او کے باعث اب فلمیں دیکھنے کا رواج بدل گیا ہے۔ آن لائن پلیٹ فارمز کی وجہ سے ناظرین سینیما جانے کی بجائے گھر بیٹھ کر فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

بائیکاٹ بالی وو ڈ کی مہم

بالی ووڈ کے مشہور اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد سے بالی ووڈ انڈسٹری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سال 2020 میں بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی تھی، جس کی وجہ بالی ووڈ فلم انڈسٹری کو بتایا گیا تھا۔

سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سے ان کے مداحوں کی جانب سے بالی ووڈ کے بائیکاٹ کی مہم کا انٹرنیٹ پر ٹرینڈ چلایا گیا تھا جس کا مقصد سوشانت کی موت کے پیچھے انڈسٹری میں چھپے لوگوں کو سزا دلوانا تھا۔

خیال رہے کہ یہ ٹرینڈ بالی ووڈ میں اب اتنا عام ہوگیا ہےکہ انٹرنیٹ کے ذریعے اب ہر بالی ووڈ فلم کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے اور اُسے فلاپ کروانے کی پوری کوشش کی جاتی ہے۔

Related Posts