مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد کرے گی جس کے بعد پاکستان میں عید الاضحی 2025 کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔
پاکستان خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) کے مطابق عید الاضحی 2025 کے بروز ہفتہ، 7 جون کو ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔
سپارکو کی رپورٹ کے مطابق ذوالحجہ کا نیا چاند 27 مئی 2025 کو صبح 8 بج کر 2 منٹ پر (پاکستانی وقت کے مطابق) پیدا ہوگا۔
غروب آفتاب تک اس کی عمر صرف 11 گھنٹے اور 34 منٹ ہوگی جو اسے نہ صرف ننگی آنکھ سے بلکہ دوربین کے ذریعے بھی پاکستان کے بیشتر علاقوں میں دیکھنے کے قابل نہیں بناتی۔ اس لیے آج چاند نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔
سپارکو کے تجزیے کے مطابق چاند 27 مئی کو نظر نہیں آئے گا جس کی بنا پر یکم ذوالحجہ 29 مئی کو ہونے کا امکان ہے اور اس لحاظ سے عید الاضحی 7 جون بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔
اس تجزیے کی توثیق ماہر فلکیات ڈاکٹر فہیم ہاشمی نے بھی کی ہے جن کے مطابق 27 مئی کو چاند نظر آنا عملی طور پر ناممکن ہے تاہم 28 مئی کو جب چاند کی عمر 35 گھنٹے سے تجاوز کر جائے گی تو پورے ملک میں اسے آسانی سے دیکھا جا سکے گا۔
اس کے برعکس سعودی عرب میں 27 مئی کو دوربین کی مدد سے چاند دیکھے جانے کا امکان موجود ہے جس سے وہاں حج 5 جون کو اور عید الاضحی 6 جون کو ہو سکتی ہے۔