پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں جمعرات کو شدید بارش، آندھی اور گرج چمک کے طوفان نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا، کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہو گئیں جبکہ ہوائی سفر میں بھی خلل پیدا ہوا۔
لاہور میں گلبرگ، مال روڈ، ڈیوس روڈ، اور فیروزوالہ میں ہلکی بوندا باندی کے بعد گرد آلود تیز ہوائیں چلیں، جن کی رفتار محکمہ موسمیات کے مطابق 24 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ گرمی کی شدید لہر کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی اور درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک آ گیاجس سے شہریوں کو عارضی سکون ملا۔
آندھی اور بارش کے باعث لاہور میں بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پشاور زلمی کی پریکٹس جاری تھی کہ تیز ہواؤں نے نیٹ کو اڑا دیاجس پر کھلاڑیوں کو پریکٹس روک کر ڈریسنگ روم واپس جانا پڑا۔ گڈافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ بھی موسمی حالات کے باعث کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔
فیروزوالہ اور مریدکے میں بھی تیز بارش اور ہواؤں کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جبکہ موسم خوشگوار ہو گیا، اور گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔ دیہی علاقوں میں کئی بجلی کے فیڈرز بند ہو گئے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا رہا۔
مریدکے کے علاقے اسلام پورہ میں تیز ہواؤں اور بارش کے نتیجے میں ایک مکان کی چھت گر گئی، جس سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں کے نام طاہرہ، ایمان، مقدس، بشیراں اور شیر علی بتائے گئے ہیں۔ ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں لاہور منتقل کیا گیا ہے۔
جہلم میں دو مختلف مقامات پر شدید بارش کے باعث مکانات کی چھتیں گر گئیں، جن میں چار افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو پنڈ دادن خان اسپتال منتقل کیا گیا۔ خیر شاہ محلہ میں ایک بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے جبکہ کیوڑہ میں ایک اور واقعے میں ماں اور بیٹا زخمی ہوئے۔
سرگودھا کے علاقے اسلام پورہ میں آندھی کے دوران ایک مکان کی دیوار گر گئی، جس کے نیچے کھیلتے ہوئے چار بچے دب کر زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق بچوں کو فوری طور پر ضلعی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول لاہور کے لیے موسم کی ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔
ترجمان کے مطابق بارش اور آندھی کا سلسلہ 4 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے اور صوبائی کنٹرول روم اور تمام ضلعی مراکز چوبیس گھنٹے الرٹ پر ہیں۔