سی ویو پر چھاتی کے کینسر سے بچاﺅ اور علاج کی آگاہی مہم کے سلسلے میں واک کا اہتمام

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سی ویو پر چھاتی کے کینسر سے بچاﺅ اور علاج کی آگاہی مہم کے سلسلے میں واک کا اہتمام
سی ویو پر چھاتی کے کینسر سے بچاﺅ اور علاج کی آگاہی مہم کے سلسلے میں واک کا اہتمام

کراچی:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ (خاتون اول)بیگم ثمینہ عارف علوی کے زیر اہتمام چھاتی کے کینسر سے بچاؤ اور علاج کی آگاہی مہم کے حوالے سے شہر قائد کی خواتین نے بیگم ادیبہ اور شگفتہ نسرین کی قیادت میں سی ویو پر ایک واک کا اہتمام کیا۔

واک میں بیگم گورنر سندھ ریما عمران اسماعیل نے بھی شرکت کی اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھاتی کے کینسر کو سنجیدہ لینا چاہیے اور خواتین چھاتی میں جب بھی تکلیف محسوس کریں تو متعلقہ ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں تاکہ اگر اس کا بر وقت علاج ہو سکے۔

واک کے دوران واک کی آرگنائزر شگفتہ نسرین نے کہا کہ اس واک میں صرف ہماری جان پہچان کی خواتین ہی نہیں بلکہ ان کے گھروں میں کام کرنے والی خواتین کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ وہ چھاتی کے کینسر سے آگاہی حاصل کر کے ایک دوسرے سے جب ملیں تو یہ آگاہی دوسروں تک پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس واک کا اہتمام کسی تنظیم کی جانب سے نہیں کیا گیا بلکہ یہ سب خواتین کراچی کے مختلف علاقوں کی رہائشی ہیں ہم سب بیگم ثمینہ عارف علوی کی اس آگاہی مہم کے سلسلے میں یہاں اکٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اور بیگم ادیبہ نے شہر کے مختلف مقامات پر ایسی واک کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں آگاہی ہو اور خواتین اس کا بروقت علاج کرا سکیں۔

اے ایس پی کلفٹن زاہدہ پروین نے واک سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واک میں میں خود بھی اس لیے شریک ہوئی ہوں کہ میں بھی چاہتی ہوں کہ خواتین کو چھاتی کے کینسر سے آگاہی ہو۔

غزل شیریں نے کہا کہ اس واک کے ذریعے یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ خواتین اپنے علاج پر توجہ دیں اور چھاتی کے سرطان کے لیے اچھے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

واک میں سیکڑوں خواتین موجود تھیں، جن میں اکثریت نے گلابی (پنک) لباس زیب تن کیا ہوا تھا، کیوں کہ پنک ربن چھاتی کے کینسر کا نشان ہے اور خواتین نے اپنے بازؤں پر بھی پنک ربن باندھ رکھا تھا۔

Related Posts