اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ لگتا ہے آئندہ حج بھی ریگولر انداز کا نہیں ہوگا، سعودی حکومت نے حج انتظامات کے حوالے سے ہمیں انتظار کا کہا ہے۔قبل از وقت کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
وفاقی تعلیمی بورڈ میں مدارس دینیہ کی اسناد تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم حج کے حوالے سے عوام کی تشویش سے آگاہ ہیں اور سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لگتا ہے اس مرتبہ بھی ریگولر حج نہ ہو سکے لیکن اس بار شاید تعداد حاجیوں کی پچھلی مرتبہ سے زیادہ ہوگی۔ہمیں سعودی حکام نے کہا ہے کہ ابھی حاجیوں سے درخواستیں نہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک تعداد ہمارے سامنے نہیں آتی اس وقت تک ایئر لائنز سے بات کرنے کا فائدہ نہیں ہے۔ سعودی حکام سے ابھی تک حج کے حوالے سے ایم او یو سائن نہیں ہوا۔
ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی آدمی ہیں لیکن ہر چیز کو سیاست کی بھینٹ چڑھاتے ہیں۔ عمران خان کی سیاسی پیشن گوئیاں حقیقت بن کر سامنے آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوپن بیلٹنگ سے سینٹ انتخابات اسی لئے ہیں۔ سیاسی فضا اب گرم ہونے کی بجائے ٹھنڈی ہو رہی ہے۔ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے۔
تحریک لبیک کی 16 فروری کو احتجاجی کال بارے انہوں نے کہا کہ معاملہ حل کر لیا جائے گا، ہم افہام و تفہیم سے آگے چلیں گے۔