لاہور: موٹر وے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے کیس میں متاثرہ خاتون نے دونوں ملزمان کی شناخت کر لی ہے، شناخت پریڈ مکمل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو متاثرہ خاتون کے سامنے لانے کے بعد خاتون سے ملزمان کی شناخت کرائی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو متاثرہ خاتون نے پہچان کر افسران کو آگاہ کیا کہ یہی دونوں افراد اجتماعی زیادتی کے سنگین جرم میں ملوث تھے۔
شناخت پریڈ کی کارروائی لاہور کی کیمپ جیل میں مکمل ہوئی جہاں مرکزی ملزم عابد ملہی اور شفقت کو خاتون نے پہچانا جبکہ دونوں ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل موٹر وے زیادتی کیس میں مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری پر پولیس کو انعام دینے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
ہائی کورٹ لاہور نے 7 روز قبل برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مقدمے یا ایف آئی آر میں نامزد ملزم کو پکڑنا پولیس کی ذمہ داری ہوتی ہے، اس پر انعام کیوں دیا جارہا ہے؟
مزید پڑھیں: موٹر وے کیس، ملزم کی گرفتاری پر پولیس کو انعام دینے پر عدالت برہم