اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمِ سرما میں گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گیس کی متوقع طلب کے پیش نظر لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت نے کورونا کے دنوں میں عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، بروقت گیس نہ خرید کر اس قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے کا خمیازہ آج پورا ملک اور غریب آدمی بھگت رہا ہے لیکن اس حکومت میں گزشتہ حکومت کی طرح کسی بھی قسم کی بد انتظامی اور مجرمانہ غفلت قبول نہیں کی جائیگی۔
سیلاب زدگان کیلئے آنے والے امدادی جہاز پیپلز پارٹی ہضم کررہی ہے، عمران اسماعیل
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والوں نے ملک کے ہر شعبے پر خود کُش حملے کرکے غریب کی کمر توڑ دی ہے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔