چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مجلس علماء پاکستان کے رہنما مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں قیام امن کے لئے اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کیا جائے جو وقت کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں مجلس علماء پاکستان بلوچستان کے زیر اہتمام ”قومی پیغام پاکستان امن کانفرنس“ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام، معروف سماجی شخصیات اور انجمن تاجران کے کارکنوں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:
حاجیوں کے پیسوں سے دوائیں خریدنا بند، آئندہ سال حج سستا ہوسکتا ہے، وفاقی وزیر
اس موقع پر مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متحد ہے اور ہمیشہ متحد رہے گا۔ دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔ دشمن طاقتیں ہمیں لڑا کر انتشار پیدا کرکے کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا مقصد اپنے ناپاک ایجنڈے اور سازشوں کو کامیاب کرنا ہے، جو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم اسلام کے پیغام اخوت، محبت، رواداری اور اتحاد کو سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد و وحدت ہمارا دینی اور ایمانی سرمایہ ہے۔ ہم سب مسلمان ہیں اور ایک ہی کلمہ پڑھتے ہیں۔ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہی حاصل کیا گیا تھا۔ پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے۔ آج پاکستان کو پہلے سے زیادہ اتحاد و استحکام اور بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ ہم نے اپنے اتحاد اور داخلی استحکام کے ذریعے دشمن کو شکست دینی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر علماء کرام سے گزارش کی کہ وہ محرم الحرام میں خصوصی طور پر دشمن کی سازشوں پر نظر رکھیں۔ انتشار اور عدم استحکام کی ہر سازش کو اپنے اتحاد اور قومی یکجہتی کے ذریعے ناکام بنا دیں۔ اسلام کا پیغام بھی ہم سب کو متحد رکھنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام اور اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کی عزت و تکریم ہماری عقیدت کا محور ہے۔