لاہور: کالعدم سیاسی و مذہبی جماعت تحریک لبیک کے احتجاج کے باعث معطل کی گئی ٹرینوں کی روانگی بحال کردی گئی ہے۔ محکمۂ ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کو اپنے مقررہ روٹ پر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز نے صوبہ پنجاب میں کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث معطل کی گئی ٹرینوں کے شیڈول کو بحال کردیا۔ ترجمان ریلویز کا کہنا ہے کہ پشاور اور راولپنڈی کی ٹرینیں آج سے بحال کیے گئے شیڈول کے تحت چلائی جائیں گی۔
کالعدم ٹی ایل پی کا مارچ، 10 ٹرینوں کی روانگی منسوخ، لاکھوں کا خسارہ
کالعدم جماعت سے معاہدہ شکست نہیں، ریاست کاکام جانیں بچانا ہے۔معید یوسف
ترجمان ریلویز کا کہنا ہے کہ پشاور سے کراچی، کراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل اپنےمقررہ روٹ پر سفر کرسکے گی۔ راولپنڈی سے لاہور اور لاہور سے راولپنڈی جانے والی راول ایکسپریس بھی رات کو 12 بج کر 30 منٹ پر چلائی جائے گی۔
قبل ازیں حکومت اور ٹی ایل پی کے مابین معاملات طے پا گئے اور مبینہ طور پر تحریکِ لبیک فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے کے مطالبے سے بھی دستبردار ہوگئی۔ آج صبح سے تمام ٹرینوں کو متبادل کی بجائے معمول کے راستوں سے چلایا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کالعدم ٹی ایل پی اور دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور دھرنے کے باعث 10 ٹرینوں کی روانگی منسوخ ہونے سے محکمۂ ریلوے کو لاکھون روپے کا خسارہ ہوا۔
گزشتہ چند روز میں ریلوے نے 10 مختلف ٹرینوں کی روانگی کو منسوخ کیا جن کے ذریعے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو اپنی اپنی منزل کی طرف جانا تھا۔ مسافروں کو کرائے واپس کرنے سے 49لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔