لاہور: عدالت نے آئی جی پنجاب کو معروف صحافی و ٹی وی میزبان عمران ریاض خان کی بازیابی کیلئے 13 دن کی مہلت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں صحافی عمران ریاض خان کی بازیابی کیلئے ان کے والد کی درخواست کی سماعت چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے کی۔ آئی جی پنجاب سمیت دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
عمران ریاض کو بازیاب کرنے کیلئے پولیس کو 10 روز کی مہلت
آئی جی پنجاب نے عدالت کو آگہی دی کہ عمران ریاض خان کی بازیابی میں کافی مثبت پیشرفت ہوئی، آئندہ 10 سے 15 دنوں میں عدالت کو خوشخبری سنائیں گے۔ عدالت سے استدعا کرتے ہیں، 10 روز کی مہلت دی جائے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے ریمارکس دئیے کہ مزید مہلت مانگی جارہی ہے تو کوئی پیشرفت بھی ہونی چاہئے۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کو 13روز کی مہلت دے دی۔
ہائیکورٹ نے یہ ہدایت بھی کی کہ آئی جی پنجاب آج شام 5 بجے عمران ریاض کے والد اور لیگل ٹیم سے ملاقات بھی کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی لاہور ہائیکورٹ نے معروف صحافی عمران ریاض خان کو بازیاب کرنے کیلئے پولیس کو 10 روز کی مہلت دی تھی۔
آج سے 3 ماہ قبل سینئر تجزیہ کار اور صحافی عمران ریاض خان کی بازیابی کے متعلق درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسران ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔