کراچی: ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال حسین شاہ کے اغوا کا مقدمہ کراچی کے ڈیفنس تھانے میں درج کر لیا گیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پی) جنوبی کراچی شیراز نذیر کے مطابق ایف آئی آر نمبر 533/23 بلال شاہ کی والدہ بی بی شہزادی بیگم کی مدعیت میں ڈیفنس تھانے میں درج کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ان کے بیٹے بلال حسین شاہ کو 27 اگست کو کراچی کے علاقے قیوم آباد بلاک بی کی گلی نمبر 6 میں میں گھر سے نکلنے کے بعد اغوا کیا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ گھر سے نکلنے کے بعد مین روڈ پر تین مختلف گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے انہیں اغوا کیا۔
مدعیہ کے مطابق اغوا کرنے والے ان کے بیٹے کی گاڑی بھی ساتھ لے گئے اور بلال شاہ کااب تک گھر والوں سےکوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔ ایف آئی آر نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
رینجرز اور سندھ پولیس کی مشترکہ کارروائی، سنگین وارداتوں میں ملوث 12 ملزم گرفتار
خیال رہے کہ حریم شاہ نے ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شوہر بلال شاہ گزشتہ ہفتے لندن میں میرے ساتھ تھے، وہ کراچی پہنچے تو انہیں سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے اٹھالیا۔
حریم شاہ کے مطابق مجھے نہیں پتہ میرے شوہر بلال شاہ کے اغوا میں کون لوگ ملوث ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے درخواست ہے میرے شوہر کو بازیاب کرایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ میرے شوہر کا کسی قسم کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں، شوہر کی بازیابی کیلئے کورٹ میں پٹیشن بھی جمع کرادی ہے۔