شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے معاوضے کی عدم ادائیگی کا الزام عائد کرتے ہوئے فلم ”ٹچ بٹن“ کی پروڈیوسرعروہ حسین کو 50 لاکھ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا۔
ہرجانے کے نوٹس کے مطابق اداکارہ کا موقف ہے کہ عروہ نے انہیں فلم کی شوٹنگ ختم ہوتے ہی معاوضے کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔
اداکارہ سونیا حسین کا کہنا ہے فلم کی شوٹنگ 2 فروری 2020 کو شروع ہوئی تھی، اور انہوں نے 5 جون 2020 تک اپنا کام مکمل کروالیاتھا لیکن معاہدے کے باجود انہیں تاحال ادائیگی نہیں کی گئی۔
نوٹس میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ عروہ حسین کو باربار یقین دہانی کرائی لیکن انہوں نے کوئی مناسب جواب نہیں دیا۔ رواں برس کے وسط میں عروہ کی جانب سے 5 لاکھ روپے کا چیک بھجوایا گیا جو کہ طے شدہ معاوضے کا کچھ حصہ تھا اس لیے وہ چیک پروڈیوسر کو واپس بھجوا دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عروہ کے رویے کے باعث پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اپنی ہی رقم کے تقاضے کیلئے شرمندہ ہوتی رہیں، انہیں بطور ہرجانہ 50 لاکھ روپے اداکیے جائیں۔ 14 روزمیں نوٹس کا جواب نہ دینے کی صورت میں یہ مقدمہ عدالت میں دائر کردیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر فیروز خان کے سابقہ اہلیہ پر کیے گئے تشدد کے ثبوت وائرل
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگرعروہ نے دو ہفتوں کے دوران جواب نہ دیا تو پاکستان پینل کوڈ کے تحت دھوکہ دہی کی ایف آئی آر بھی درج کروائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ٹچ بٹن کا ٹریلر حال ہی میں 11 نومر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، بطورپروڈیوسریہ عروہ حسین کی پہلی فلم ہے جبکہ ہدایات قاسم علی مرید کی ہیں۔
فلم کئی وجوہات کی بنا پر تاخیرکا شکار ہوئی، اس کی شوٹنگ کا پہلا اسپیل 2018 میں مکمل کرلیا گیا تھا۔ ٹچ بٹن کو پاکستان اور ترکی میں عکس بند کیا گیا۔ فلم کی کاسٹ میں فرحان سعید، سونیا حسین ، فیروز خان اور ایمان علی شامل ہیں۔