گھن گرجتی توپیں، لہراتے پرچم اور جگمگاتے شہر! 79ویں یوم آزادی پر پاکستان کا جشن دیدنی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سبز ہلالی پرچموں، روشنیوں اور ملی نغموں سے سجے پاکستان میں آج 79واں یوم آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ رات کے 12 بجتے ہی جشن آزادی کا آغاز ہوا تو ملک کے بڑے شہروں سے لے کر گلی محلوں تک ہر طرف سبز و سفید رنگ نمایاں ہوگیا، شہری سڑکوں پر نکل آئے اور جگہ جگہ آتش بازی و ریلیوں کے ذریعے آزادی کی خوشی کا اظہار کیا گیا۔

یوم آزادی کے دن کا آغاز بھی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ ہوا۔ ملک کے مختلف مقامات پر توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ نماز فجر کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، قومی یکجہتی، امن، خوشحالی اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں جشن آزادی کی تقریبات شروع ہوگئیں۔ پاکستان کا ہر شہر، ہر گلی اور ہر محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں چراغاں کیا گیا اور آتش بازی کے شاندار مظاہرے ہوئے۔

یوم آزادی منانے کے لیے شہری بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل آئے، مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں جبکہ عوام نے قومی پرچم لہرا کر آزادی کے دن کی خوشیاں منائیں۔

لاہور میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے

لاہور میں یوم آزادی کے موقع پر گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے کیے گئے۔ آزادی کا جشن منانے اور آتش بازی کا نظارہ کرنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد دونوں مقامات پر موجود تھی۔

حیدرآباد میں بھی رات 12 بجتے ہی جشن

حیدرآباد میں بھی رات 12 بجتے ہی مختلف مقامات پر آتش بازی شروع ہوگئی۔ شہری جشن آزادی کو بھرپور انداز میں منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور آزادی کی خوشی کا اظہار کیا۔

ملتان میں گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی

ملتان میں بھی 14 اگست کی تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد گھنٹہ گھر چوک پہنچ گئی اور جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوئی۔

یوم آزادی کے آغاز پر پاک فوج کی 21 توپوں کی سلامی

یوم آزادی کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے لاہور میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ دن کے آغاز کے موقع پر نماز فجر میں پاکستان کی ترقی، قومی یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

کوئٹہ میں بھی یوم آزادی کا آغاز کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر مساجد میں نماز فجر کے دوران ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مسلح افواج کی قوم کو 79ویں جشن آزادی پر مبارکباد

مسلح افواج نے بھی قوم کو پاکستان کے 79ویں جشن آزادی کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو 79ویں جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مسلح افواج کا غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج نے مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بانیانِ پاکستان کا وژن اور ان کے اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔ بیان کے مطابق قوم کے ساتھ متحد ہو کر مسلح افواج امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔

Related Posts