فضاؤں میں گونجتے ملی نغمے، گلی محلوں میں لہراتے سبز ہلالی پرچم اور دلوں میں دھڑکتا وطن کا عشق؛ آج پاکستان اپنا 79 واں جشن آزادی انتہائی جوش و خروش، ملی جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منا رہا ہے۔
یومِ آزادی کے اس بابرکت دن کا آغاز ملک بھر میں توپوں کی سلامی سے کیا گیا جبکہ فجر کے وقت مساجد میں مادرِ وطن کی سلامتی، ترقی، قومی یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
اس پرمسرت موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی انتہائی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ روایت کے مطابق ہر سال 14 اگست کے روز پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس ہی یہ اہم ذمہ داری اپنے سر لیتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق مزار قائد پر تعینات ہونے والے پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز دو الگ الگ دستوں پر مشتمل ہیں جن میں ایک دستہ پاک بحریہ کے تجربہ کار سیلرز جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے ہونہار کیڈٹس کا ہے۔
تقریب کے دوران کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور بانی پاکستان کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








