غزہ میں اسپتال کو نہایت سفاکی سے بمباری کا نشانہ بنانے کے بعد وحشی اسرائیلی فورسز نے ایک اور فلسطینی اسپتال کو تباہ کرنے کی دھمکی دے دی، جس کے بعد فلسطینی حکام نے عالمی برادری سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
فلسطینی ہلال احمر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی طرف سے غزہ کے القدس اسپتال پر بمباری کی دھمکی موصول ہوئی ہے اور اسپتال کو فوری طور پر خالی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس وقت اس اسپتال میں 400 سے زیادہ مریض زیرعلاج جبکہ 12000 بے گھر شہری پناہ گزیں ہیں۔
صہیونی فورسز کی دھمکی کے بعد فلسطینی ہلال احمر نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے، اپیل میں کہا گیا ہے کہ ہم دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ الاھلی بیپٹسٹ اسپتال جیسے ایک اور قتل عام کو روکنے کے لیے فوری اقدام کرے۔
بنوں: مذہبی رہنماؤں کے دباؤ پر بیالوجی کے استاد نے اپنے نظریات سے توبہ کرلی
گزشتہ منگل کو اسرائیل نے وسطی غزہ میں الاھلی بیپٹسٹ اسپتال کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس کی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے جمعے کے دن کہا کہ ہم اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ غزہ میں اسپتال کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کے حقائق سامنے لائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادانہ تحقیقات کی فوری ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ہمارے ملازمین جائے حادثہ سے شواہد اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن مسلسل بمباری اور ایندھن کی قلت نے اس کام کو مشکل بنا دیا ہے۔