شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مائرہ خان نے کہا ہے کہ تماشا گھر کا حصہ بننے کیلئے سوچے سمجھے بغیر ہاں کردی تھی۔
اداکارہ مائرہ خان جو آخری بار تماشا گھر میں نظر آئی تھیں نے حال ہی میں علی گل پیر کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے تماشا گھر کے حوالے سے بات چیت کی، انہوں نے کہا کہ مجھ سے جب رئیلیٹی شو کا حصہ بننے کیلئے رجوع کیا گیا تو میں نے بغیر سوچے سمجھے اُس کیلئے ہاں کردی تھی۔
تماشا گھر میں ہونے والے مقابلوں کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روزمرہ کے جو مقابلے ہوتے تھے اُس میں کچھ لوگ ہماری نگرانی کیا کرتے تھے کہ ہم کیا کررہے ہیں ، وہ ہمارے مزاج، غصے اور رویے کا بھی مسلسل جائزہ لیتے تھے۔
مائرہ خان نے کہا کہ گھر میں ہمارے ذہنوں سے کھیلا جاتا تھا تاکہ انھیں ہمارے ردعمل سے مواد مل سکے۔
خیال رہے کہ تماشا گھر پاکستان کا رئیلیٹی شو کا پہلا سیزن تھا جو کہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر پیش کیا گیا۔ اس کا پریمیئر 20 اگست 2022 کو ہوا تھا۔
شو کی میزبانی عدنان صدیقی نے کی جبکہ اس کے فاتح عمر عالم ٹھہرے۔