کراچی:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد، پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے، جس کا منشور و لائحہ عمل ہی اب 22 کروڑ پاکستانیوں کے وطن کو ایک حقیقی جمہوری و فلاحی ریاست بنانے کا واحد راستہ ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے پارٹی کے 55 ویں یومِ تاسیس کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک تحریک ہے، جس کی اساس قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے، اور کئی نسلوں کی جدوجہد و قربانیوں پر محیط ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرکے، ملک و قوم کو بیش بہا اسٹرٹیجک تحفے دیئے جن میں ملک کو پہلا متفقہ آئین، ناقابلِ تسخیر دفاع کے ضامن جوہری پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی، صوبائی خودمختاری اور زرعی و معاشی اصلاحات دینا شامل ہے۔
پاک چین دوستی، سی پیک منصوبہ، اور اسلامی سربراہی کانفرنس کی شکل میں سیاسی طور پاکستان کو اسلامی دنیا کا محور و مرکز بنانا بھی پی پی پی کا کا رنامہ ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وہ آج کے دن تمام جیالوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے جیالوں نے جمہوریت کے کاز کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، کوڑے کھائے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جلاوطنی جھیلی، اور غیرجمہوری قوتوں کے اسپانسرڈ میڈیا ٹرائیلز کے سامنا کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے کہ ہم عوام کے حقِ حاکمیت، خواتین کی آزادی، اقلیتوں کی قومی دھارے میں شمولیت، جمہوری اداروں کو بااختیار، آئین کی حکمرانی، اور عوام کی بہبود و ترقی کے لیئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں:سینیٹر شیری رحمان کا کورونا فنڈ میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ