لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز کرکٹ سیزن برائے 22-2021 کا اعلان کردیا ہے،رواں سال ستمبر سے جولائی 2022 تک جاری رہنے والے اس سیزن میں مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے جائیں گے۔
سیزن کا آغاز کراچی سے شروع ہوگا، جہاں شیڈول پاکستان ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز 9 ستمبر سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان پہنچے گی۔
جہاں دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 10 سے 22 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔2021 کے اختتام پر قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کے لئے زمبابوے کا دورہ کرنا ہے۔
اس دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو سات میچز کھیلنے ہیں۔ جن میں چار گروپ میچز اور تین سپر سکس میچز شامل ہیں۔ اس کے بعد اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کھیلا جائے گا، جس کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔
فی الحال پی سی بی ایک آئی سی سی رکن سے رابطے میں ہے تاکہ وقت کی دستیابی کے باعث قومی خواتین کرکٹ ٹیم دورہ زمبابوے سے قبل ایک سیریز کھیل سکے۔
خواتین کھلاڑیوں کو زیادہ اور معیار پر مبنی کرکٹ کھیلنے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے پی سی بی نے تمام ون ڈے اور ٹی 20 ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں ٹیموں کی تعداد کے ساتھ ساتھ میچوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
میچوں کی تعداد میں اظافہ پلیئرز کو اپنی صلاحیتوں میں بہتری کے ساتھ مالی مراعات بھی فراہم کرے گی۔ پلیئر پول میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے، پی سی بی نے آئندہ سیزن کے لیے ایک چوتھی ٹیم کو شامل کیا ہے اس سے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا موقع ملے گا۔
پی سی بی نے اس سال انڈر 19 ٹی 20 ٹورنامنٹ کو ڈومیسٹک کیلنڈر کا حصہ بنایا ہے۔ یہ ایونٹ کم عمری سے معیاری کھلاڑیوں کی شناخت میں مدد کرے گا اور انہیں 2023 میں شیڈول انڈر 19 ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن کے لیے تیار کرے گا۔
ویمنز ڈومیسٹک سیزن کے اختتام پر نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی کپ کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں کل 14 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ اگلیسال جون -جولائی میں کھیلا جائے گا۔
اس سیزن کے دوران قومی خواتین کرکٹ آئی سی سی ویمنز چیمپین شپ کے تیسرے سائیکل کے میچز بھی کھیلے گی،جو آئی سی سی ویمینز ورلڈکپ کے بعد شروع ہو گا۔
ویمنز سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز کا کہنا ہے ہمیں ایکشن سے بھرپور خواتین کرکٹ سیزن کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ آئندہ سیزن پاکستان کی خواتین کی کرکٹ کی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک افغان ون ڈے سیریز ملتوی ہونے کی تصدیق کردی