کراچی:ضلع کورنگی میں ملیر کے علاقے شادمان ٹاؤن میں پارک پر قبضے کرکے اسے کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا گیا، قبضہ گروپ کے سرغنہ یاسر خان نے مبینہ طور پر جعلی کاغذات بھی بنوا لیے۔
با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پارک پر قبضے کے لیے چیئر مین بلدیہ کورنگی نیئر رضا کی بھی سرپرستی حاصل ہے اور یاسر اسی وجہ سے علاقہ عوام کے لیے مختص پارک پر قبضہ جمانے کے لیے اسے کچرا کنڈی بنا چکا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق جعلساز یاسر نے ملیر شادمان شیڈنمبر2پلاٹ نمبر1اور2سروے نمبر 386 مبینہ جعلی دستاویزات کے ذریعے 2 خواتین کے نام کر وا چکا ہے جو اس کی عزیز ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پلاٹس کو در پردہ ایک بلڈرز کو فروخت کردیا گیا ہے، ملیر شادمان ٹاؤن میں پہلے ہی پارکس نہ ہونے کے برابر ہیں اور جو ہیں اسے قبضے کی غرض سے کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس کی شکایت یونین کمیٹی کے چیئر مین اورپھر بلدیہ کورنگی کے چیئر مین نیئر رضا کو بھی کی گئی تاہم ذرائع کے مطابق چیئر مین نیئر رضا نے مبینہ لاکھوں روپے کے عوض لینڈ مافیا کے سرغنہ یاسر کی سرپرستی شروع کردی،جس کے باعث لینڈ مافیا کے حوصلے بلند ہو گئے اور وہ بلا خوف قبضہ کرنے میں مشغول ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی پارک پر کوئی کیسے رہائشی پلاٹ بنا سکتا ہے،یاقبضہ کر سکتا ہے؟ رفاعی پلاٹ پر کوئی کمرشل یا رہائشی عمارت نہیں بن سکتی،علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات اور کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایکشن لیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔