وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی خاموشی کے اسباب پوری قوم جانتی ہے جبکہ مریم کے لیے خاموشی بہترین عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو بزدلوں کی جماعت سمجھتا ہوں، بیمار ہونے والے سابق وزیر اعظم تھے لیکن موجودہ قائدِ حزبِ اختلاف بھی باہر چلے گئے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگلے ماہ میں بڑے بڑے مقدمے منظرِ عام پر آتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ پاکستان میں پیسے ٹرک بھر بھر کر لائے جائیں گے اور قوم کا لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس آئے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں وزیر ریلوے نے کہا کہ وہ سب کو ایک ساتھ راضی نہیں رکھ سکتے، ہر شخص جو ان کا اے ٹی ایم کہلاتا ہے، اسے کوئی نہ کوئی مسئلہ درپیش رہتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ملک کے وزیر اعظم کے متعلق جو جملے کہیں، انہیں مناسب نہیں سمجھتا، مجھے فرنٹ فٹ پر آ کر کھیلنے پر مجبور نہ کیا جائے تو بہتر ہوگا۔
شیخ رشید احمد نے چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کے بارے میں کہا کہ انہیں ہمارا سگا بھائی سمجھ لیجئے۔ حکومت کو چھوڑ کر وہ کہیں نہیں جائیں گے۔ انہوں نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ملک کے حالات ٹھیک ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کے حالات 15 جنوری تک بہتری کی طرف جاتے ہوئے اور ٹھیک ہوتے دیکھ رہا ہوں۔
میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے 2 روز قبل وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آزادی مارچ لے کر مولانا فضل الرحمان استعفیٰ لینے آئے تھے لیکن دھرنا قید کاٹنے سے زیادہ مشکل ہے۔
مزید پڑھیں: حالات 15 جنوری تک ٹھیک ہوں گے۔ شیخ رشید کی پیش گوئی