افغانستان میں زندہ بچ جانے والا آخری روسی فوجی انتقال کر گیا، جس نے سوویت یونین کی شکست کے بعد اسلام قبول کیا تھا۔
اسلام قبول کرنے کے بعد روسی فوجی نے اپنا نام عبد اللہ خاکیموف رکھا، وہ افغانستان ہی میں قیام پذیر رہا اور کل افغانستان کے شہر ہرات میں انتقال کر گیا۔
افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ٹویٹ میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عبداللہ کے لیے جنت الفردوس کی دعا کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
روس نے تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل بڑھنے کی پیش گوئی کردی
افغان ذرائع کے مطابق حیرت انگیز طور پر عبداللہ کا انتقال منگل کے روز27 دسمبر کو ہوا جو افغانستان میں سوویت افواج کی آمد کا دن ہے۔
عبداللہ نے اپنی زندگی میں بارہا کہا تھا کہ جب میں افغانوں کی مہربانی دیکھتا ہوں تو مجھے ان کے ساتھ لڑی جانے والی جنگ پر افسوس ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ سابق سوویت فوج نے 43 سال قبل 27دسمبر کو افغانستان پر حملہ کیا تھا جسے شکست ہوئی تھی اور ان کے مٹھی بھر فوجی افغانستان میں رہ گئے تھے۔