کراچی:گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ یورپ، جاپان سمیت پوری دنیامیں مہنگائی بڑھی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ پاکستان نے حالات کے برعکس مہنگائی کوکنٹرول کیا۔ حکومت نے مسافرخانے لنگرخانے بھی قائم کئے تاکہ کوئی بھوکا نہ سوئے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ریاست مدینہ کی پیروی میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور محمود مولوی، ترجمان وفاقی وزیرخزانہ اور سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف حلیم عادل شیخ بھی گورنر سندھ کے ہمراہ تھے۔
معاشی مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہرجگہ مہنگائی کا شور ہے جبکہ اپوزیشن اورہارے ہوئے سیاستدان بھی پروپیگنڈا کرتے پھرتے ہیں۔ ہم پر تنقید کی گئی کہ قوم کوبھکاری بنارہے ہیں۔
آٹے کے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ پنجاب میں آٹا 55روپے فی کلو دستیاب ہے لیکن سندھ میں 74روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔آٹے کی مہنگی فراہمی کی ذمہ دارسندھ حکومت ہے۔ سول اورملٹری ایک پیج پرہیں اور رہیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ تمام تقرریاں صلاح مشورے سے ہوتی ہیں، نہ ادارے حکومت کو اور نہ ہی حکومت اداروں کونیچا دکھانا چاہتی ہے۔گرین لائن منصوبے کی باقی 40 بسیں کل کراچی پہنچ رہی ہیں۔
ٹرانسپورٹ کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ40 بسوں کی شمولیت سے گرین لائن منصوبہ میں بسوں کی کل تعداد 80 تک ہوجائے گی۔ ڈرائیورزکی ٹریننگ بھی چل رہی ہے اور ایک مہینے میں گرین لائن بسز چلانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی تکمیل میں 2 سال لگیں گے۔ سندھ میں صحت کارڈ نہیں دے سکے کیونکہ صوبائی حکومت نے اسے ردکردیا۔ اس کے علاوہ گھروں کی تعمیرمیں بھی حکومت سندھ کی جانب سے مسائل درپیش ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور ایران کی سرحد دوستی اور امن کی سرحد ہے، وزیر اعظم