راولپنڈی: صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مریم نواز کا فوج سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا نہ ہی فوج ملکی مفاد اور جمہوریت کے منافی کسی بات چیت اور ڈیل کے لئے راضی ہے 12سال میں ملک میں جمہوریت کی واحد ضامن پاک فوج ہے۔
فوج اور ریاستی ادارے ہمیشہ منتخب حکومت کے ساتھ ہوتے ہیں اور پاک فوج اس وقت بھی اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کر رہی ہے کرپشن کے بے تاج بادشاہ نواز شریف اور آصف زرداری کی حکومتیں اگر اپنی5سالہ مدت پوری کر سکتی ہیں تونہ صرف عمران خان کی حکومت بھی اپنی مدت پوری کرے گی بلکہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں واضح برتری سے کامیابی حاصل کرے گی۔
جیل اصلاحات کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے پنجاب کی43جیلوں میں مرد، خاتون اور بچے سمیت کسی قیدی یا حوالاتی سے غیر انسانی سلوک کی ایک بھی شکائیت ملی تو متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ سے وارڈر تک اپنے کیریئر اور نوکری کا انتظام کر لیں جس کے لئے آئی جی جیل خانہ جات کو واضح کر دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ پنجاب کی43جیلوں میں مرد، خاتون اور بچے سمیت کسی قیدی یا حوالاتی سے غیر انسانی سلوک کی ایک بھی شکائیت ملی تو متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ اور عملے کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
اس حوالے سے قیدیوں یا حوالاتیوں کے لواحقین براہ راست مجھ سے رابطہ کریں انہوں نے آئی جی جیل خانہ جات سے جیل وارڈر تک سب کو خبردار کیا کہ ایسی کسی بھی شکائیت کی صورت میں متعلقہ لوگ جان لیں میں کوئی شریف وزیر نہیں ہوں وزیر اعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے ویژن کے تحت جیلوں میں قیدیوں اور حوالاتیوں کو عزت و احترام کا مقام دے کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جائے گا۔
جبکہ کسی غیر انسانی رویئے پر جیل سپرنٹنڈنٹ سے وارڈر تک کا کیریئر اور نوکری کا وہ خود ذمہ دار ہو گاانہوں نے کہا کہ جیل اصلاحات کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے مخیر حضرات،میڈیا اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے جیلوں میں اصلاحات کی جائیں گی اور پنجاب کی جیلوں کو تعلیم و تربیت کا مثالی ادارہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کی سیاسی پالیسیوں نے جیل میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو چکرا کر رکھ دیا ہے مریم نواز جتنا کھل کھیل رہی ہیں وہ خود مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے لئے اتنا ہی خطرناک ثابت ہو رہا ہے اور یہ واضح نظر آرہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اب اپنا اپنا بیانیہ جاری کر رہی ہیں اور دسمبر تک پی ڈی ایم ٹوٹ جائے گی۔
مریم نواز نے بی بی سی کو انٹرویو میں یہ تاثر دیا کہ فوج کے حلقے ان سے بات چیت اور ڈیل کے لئے کوشش کر رہے ہیں حالانکہ یہی مریم نواز گزشتہ6سالوں میں ووٹ کو عزت دو اور فوج کو سیاست سے دور رکھو کی پالیسی پر کام کر رہی تھیں،مریم نواز کے اس انٹرویو سے نہ صرف سیاسی طاقتیں بلکہ ملک کے عوام بھی ششدر رہ گئے ہیں۔
لیکن یہ بات طے ہے کہ مریم نواز کا فوج سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا نہ ہی فوج ملکی مفاد اور جمہوریت کے منافی کسی بات چیت اور ڈیل کے لئے راضی ہے، انہوں نے کہا کہ 12سال میں ملک میں جمہوریت کی واحد ضامن پاک فوج ہے۔
جس کی حب الوطنی اور سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے باعث نامساعد ترین حالات میں بھی نہ ملک میں مارشل لا لگا اور نہ ہی جمہوریت کا قتل ہوا اور پاکستان کی تاریخ میں منتخب جمہوری حکومتوں نے پاک فوج کی وجہ سے اپنی مدت پوری کی۔