کراچی: ایک روزہ مندی کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، 100 انڈیکس 316.62 پوائنٹس بڑھ گیا ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک روزہ مندی کے بعد زبردست تیزی کی آمد ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو اربوں کا فائدہ ہوا۔ بہتر معاشی حوالے کے باعث ٹریڈنگ کے دوران سرمایہ کار بھرپور انداز میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 188.23 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 45793.65 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا۔ تیزی کا تسلسل آگے جا کر مزید دیکھنے کو ملا۔ پونے ایک بجے کے قریب انڈیکس میں 225.52 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔
ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس کی 46 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہو گئی تھی۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔کاروبار کا اختتام 316.62 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا اور انڈیکس 45922.04 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.69 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 50 کروڑ 66 لاکھ 98 ہزار 986 شیئرز کا لین دین ہوا۔ تیزی کے باعث حصص کی مالیت 45 ارب روپے سے زائد بڑھ گئی۔۔
تجزیہ کاروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تعمیراتی سرگرمیاں بڑھنے کے باعث سٹاک مارکیٹ میں سیمنٹ، اسٹیل اور دیگرشعبوں کے حصص کی مالیت بڑھ رہی ہے۔