صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک اور پشاور میں رات گئے 2 پولیس اسٹیشن، چیک پوسٹ اور سوئی گیس دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، حملے میں سیکیورٹی گارڈ اور سب انسپکٹر شہید ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کرک میں تین مقامات پر نامعلوم دہشت گردوں کے جان لیوا حملے کے نتیجے میں ایک سیکورٹی اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا، جبکہ سکیورٹی گارڈ کو گیس آفس حملے میں شہید کیا گیا۔
نجی ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ عیسک حماری میں گیس آفس پر حملے میں شہید ہوا جبکہ تھانہ یعقوب شہید اور تھانہ حرم پر بھی مسلح حملے کیے گئے، پولیس کے مطابق کرک کے تھانہ یعقوب شہید پر حملے میں سب انسپکٹر اسلم نور نے جامِ شہادت نوش کرلیا۔۔
رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی جارہی ہے۔دوسری جانب پشاور میں پولیس چوکی پجگی پر شدت پسندوں نے حملہ کردیا، پولیس کے مطابق حملے میں ایک پولیس کانسٹیبل نے جامِ شہادت نوش کرلیا۔