کوئٹہ: دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے زرغون میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 جوان شہید ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں نے زرغون چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
بلوچستان میں ایف سی کیمپ پر حملہ، 2 سپاہی شہید، 3 زخمی
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر موجود جوانوں کی کارروائی سے پسپا ہو کر دہشت گرد جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 1 دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ زرغون میں حملے کا شکار چیک پوسٹ بھتہ خوری کے خلاف حال ہی میں قائم کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں ایف سی کیمپ پر حملہ کیا، حملے کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔
آج سے 8 روز قبل آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شمالی بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں ایف سی کیمپ میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا اس دوران دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔